پاکستان اپنی سرحدوں کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے،مصطفی کمال

پاکستانی قوم دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے، ہم اپنے عزم اور جذبہ حب الوطنی سے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنادیں گے،چیئرمین پی ایس پی

منگل 21 نومبر 2017 17:37

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2017ء) پاکستان اپنی سرحدوں کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اس لیے دشمن ہمارے ملک میں فوجیں نہیں بھیج سکتا بلکہ اندر موجود محرومیوں کا فائدہ اٹھا کر چند بھٹکے ہوئے لوگوں کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرتا ہے، پاکستان سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن قائم کرنے کے لیے ہمیں بلدیاتی حکومتوں کو نچلی سطح تک اختیارات اور وسائل منتقل کرنے ہونگے تاکہ مختلف طبقات میں موجود محرومیوں کا ازالہ کیا جا سکے اور انہیں قومی دھارے میں شامل کر کے پاکستان کو مضبوط اور دشمن کے ناپاک عزائم کا قلع قمع کیا جاسکے۔

جسطرح کا خوش آئند پیکج بلوچستان کے بھٹکے ہوے لوگوں کو دیا گیا ہے اسی طرز کا ریلیف پیکج کراچی کے بھٹکے ہوے لوگوں کو دیا جائے تاکہ را کی باقیات کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکی؛ ان خیالات کا اظہار پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے بلوچستان ہائی کورٹ بار کی دعوت پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زمینی حقائق اور ماضی کے تجربات کی روشنی میں پاک سر زمین پارٹی نے اپنے منشور میں صدارتی نظامِ حکومت، با اختیار مقامی حکومتوں سمیت ایسا نظام تجویز کیا ہے جس کے ذریعے پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کوئٹہ بم دھماکے میں شہید ہونے والے وکلاء کے درجات کی بلندی اور ان کے لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری پاکستانی قوم دہشتگردوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے، ہم اپنے عزم اور حب الوطنی سے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام کر دیں گے۔