Live Updates

سپریم کورٹ، عمران خان اور جہانگیر ترین نا اہلی کیس ، حنیف عباسی نے تحریری جواب عدالت میں جمع کرادیا

منگل 21 نومبر 2017 17:34

سپریم کورٹ، عمران خان اور جہانگیر ترین نا اہلی کیس ، حنیف عباسی نے تحریری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کی نا اہلی سے متعلق کیس میں درخواست گزارحنیف عباسی کی جانب سے جہانگیرترین کی جانب سے ٹرسٹ قائم کرنے اور اس کے بینی فیشل اونر ہونے کے حوالے سے تحریری جواب عدالت میں جمع کرادیا ہے ۔ منگل کودرخواست گزارکے وکیل اکرم شیخ کے توسط سے جمع کرائے گئے تحریری جواب میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرسٹ اور آف شور کمپنی ایسے اثاثے نہیں ہے جو ظاہر نہ کئے جائیں بلکہ ان کوظاہرکرناضروری ہوتاہے اورجہانگیر ترین ٹرسٹ کی اونر شب سے انکار نہیں کر سکتے، تحریر ی جواب میں مزیدکہا گیاہے کہ عمران خان نے جوآف شور کمپنی بنائی تھی وہ عمران خان کی ہدایت پر عمل در آمد کرتی تھی اس لئے وہ بھی اس کے براہ راست ملکیت ہے ، جہانگیر ترین نے اپنے کاغذات نامزدگی میں ٹرسٹ جبکہ عمران خان نے آف شور کمپنی کو بطور اثاثہ ظاہر نہیں کیا اس لئے استدعاہے کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کو آرٹیکل62 ایف کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے فریقین کو اپنی تحریری معروضات ایک ہفتے مین جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ تحریری جواب میں مزید کہا گیاہے کہ عدالتی حکم کی روشنی میں ہم نے اپنا تحریری جواب جمع کرا دیا ،اب یہ عدالت پر منحصر ہے کہ عمران خان اورجہانگیرترین کی نااہلی کے حوالے سے محفوظ کیا گیا فیصلہ کب سنایا جاتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات