سکردو میں دیوسائی نیشنل پارک کو ترقی دی جارہی ہے ‘

اسے بین الاقوامی طور پر متعارف کروایا جائے گا، رواں سال پارک کی ترقی پر تقریباً 6کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے ‘ کمشنر بلتستان ریجن عاصم ایوب کی میڈیا سے بات چیت

منگل 21 نومبر 2017 17:12

سکردو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) کمشنر بلتستان ریجن عاصم ایوب نے کہا ہے کہ حکومت قدرتی مناظر ‘ جنگلی حیات اور قدرتی ماحول کے تحفظ کے لئے موثر اقدامات کررہی ہے اس سلسلے میں سکردو میں دیوسائی نیشنل پارک کی ترقی کے لئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں، یہاں ماحول دوست سیاحت جنگلی جانوروں خصوصاً مارمرٹ ‘ براؤن ریچھ اور جنگلی پرندوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔

گرمیوں میں سیاحوں کی آمد کے موقع پر ان چیزوں کو نقصانات سے بچانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور سیاحوں کی سہولت کے لئے بھی کافی کام کررہے ہیں ۔کمشنر بلتستان ریجن نے پیرکوہمارے نمائندے سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلے میں سی جی بی کی سطح پر ایک خصوصی اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں جس کی صدارت چیف سیکرٹری نے کی ہے‘ کمشنر نے بتایا کہ ایک سکیم پر کام جاری ہے جس پر تقریباً چھ کروڑ روپے کی لاگت کا اندازہ لگایا گیا ہے جو اگلے سال میں بھی جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

اس سال اس سکیم پر ڈیڑھ کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیوسائی دنیا کا خوبصورت ترین سطح مرتفع ہے جو سطح سمندر سے 14000 فٹ کی بلندی پر واقع ہے اور یہاں قدرتی ماحول دیکھنے کو ملتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس میدان میں کسی بھی قسم کی تعمیرات کی اجازت نہیں ہے تاکہ جنگلی حیات متاثر نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میری آباد ‘ کٹی شو اور کٹی شو بروق کی سڑکوں کو ملانے کا بھی پروگرام ہے تاکہ سیاحت کو فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ست پارہ ڈیم پراجیکٹ کے ایک اہم کمیوننٹ شٹینگ نالہ ڈائیورشن پراجیکٹ کے حوالے سے بھی انہوں نے موقع کا جائزہ لیا ہے تاکہ اس نالے کے پانی کے بروقت آنے سے بجلی کے مسائل ہمیشہ کے لئے حل ہوں۔