وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے دیر لوئر میں ملاکنڈ لنک روڈ کا افتتاح کر دیا

مذکورہ منصوبے کے ذریعے حلقہ پی کے 94 کے علاقے ملاکنڈ اور آس پاس کی آبادی کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں گی

منگل 21 نومبر 2017 17:11

وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے دیر لوئر میں ملاکنڈ لنک روڈ کا افتتاح ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2017ء)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے دیر پائیں میں ملاکنڈ لنک روڈ کا افتتاح کر دیا۔ مذکورہ منصوبے کے ذریعے حلقہ پی کے 94 کے علاقے ملاکنڈ اور آس پاس کی آبادی کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں گی۔ اس موقع پر متعلقہ محکمہ جات کے نمائندوں کے علاوہ علاقہ معززین اور جماعت اسلامی کی مقامی قیادت اور کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔

افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی صوبائی وزیرخزانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی علاقے کی تعمیر و ترقی میں شاہرائوں اور رابطہ سڑکوں کا اہم کردار ہوتا ہے اور ملاکنڈ رابطہ سڑک کے ذریعے مقامی سطح پر عوام کو آمدو رفت کی بہترین سفری سہولیات میسر آ سکیں گی جبکہ یہ اہم منصوبہ علاقے کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کا یہ وژن ہے کہ کثیرا لمقاصد نوعیت کے بڑے منصوبوں کیساتھ ساتھ دیہی سطح پر عوام کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے بھی ایسے موثر اقدامات اٹھائے جائیں جو عوام کی دیر پا اور پائیدار ترقی کے ضامن بن سکیں یہی وجہ ہے کہ صوبہ بھر کے دیہی اور دور افتادہ علاقوں کی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے ہر شعبہ زندگی میں نمایاں اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ دیر پا ئیں موجودہ صوبائی حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کی تر جیہات میں شامل ہے اور مذکورہ علاقے میں صحت، تعلیم، مواصلات اور دیہی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں ایسے ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں جو تیز تر انسانی ترقی کے سبب بنیںگے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر نے فیتہ کاٹ کر باضابطہ طور پر مذکورہ نئے منصوبے کا افتتاح کیا جبکہ علاقہ عوام اور معززین نے اپنے دیرینہ مطالبے کو پورا کرنے پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور ان کو اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔