چائنہ کٹنگ کیس ،عدالت نے ملزم فرید یوسفانی درخواست ضمانت پر میڈیکل بورڈ میں شامل ڈاکٹروں کو رپورٹ سمیت طلب کرلیا

منگل 21 نومبر 2017 17:08

چائنہ کٹنگ کیس ،عدالت نے ملزم فرید یوسفانی درخواست ضمانت پر میڈیکل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2017ء)سندھ ہائی کورٹ نے لائنز ایریا ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ میں 227 پلاٹوں کی چائنہ کٹنگ سے متعلق ملزم فرید یوسفانی درخواست ضمانت پر میڈیکل بورڈ میں شامل ڈاکٹروں کو رپورٹ سمیت طلب کرلیا۔ چیف جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے لائنز ایریاری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ میں 227 سے زائد پلاٹوب کی چائنا کٹنگ کے ریفرنس میں ملزم فرید یوسفانی کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔

عدالت نے فرید یوسفانی کے میڈیکل بورڈ میں شامل جناح اسپتال اور کارڈیو کے ڈاکٹروں کو رپورٹس سمیت طلب کرلیا۔ چیف جسٹس احمد علی شیخ نے کہا کہ جو کرپٹ عناصر گرفت میں آتا ہے وہ بیمار کیوں پڑ جاتا ہے۔ زیادہ تر کرپٹ افراد دل اور بلڈ پریشر کی بیماری میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ملزم کے وکیل نے کہا کہ فرید یوسفانی کی میڈیکل رپورٹس ریکارڈ پر موجود ہیں۔

سنٹرل جیل کراچی میں علاج کی سہولت نا ہونے کے برابر ہے۔ عدالت نے ریماکس دیئے کہ بااثر افراد کی میڈیکل رپورٹس کس طرح بنتی ہیں جس جانتے ہیں۔ اگر کوئی جیل میں علاج نا ہونے پر مر بھی گیا تو اس کی ذمہ دار ریاست ہوتی ہے۔ ہم میڈیکل بورڈ میں شامل ڈاکٹروں طلب کرتے ہیں، سب سامنے آجائے گا۔ نیب کے مطابق ملزمان نے قومی خزانے کو اربوں روہے کا نقصان پہنچایا۔ ملزمان فرید احمد یوسفانی و دیگر پر پروجیکٹ میں 227 پلاٹوں کی چائنا کٹنگ کا الزام ہے۔ دیگر ملزمان میں ڈپٹی ڈائریکٹر فرید نسیم، شاہد عمر، ایڈشنل ڈائریکٹر عطا عباس اور راشد نسیم و دیگر شامل ہیں۔