پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے، وفاقی وزیر ممتاز احمد تارڑ

منگل 21 نومبر 2017 16:39

پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے، وفاقی وزیر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) وفاقی وزیر انسانی حقوق ممتاز احمد تارڑ نے کہا ہے کہ وزارت انسانی حقوق نے وفاقی دارالحکومت کی سطح پر بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری چائلڈ پروٹیکشن بل 2017ء کا مسودہ تیار کیا ہے، اس کے علاوہ جوینائل جسٹس سسٹم بل 2017ء کا مسودہ بھی قومی اور صوبائی متعلقین کی مشاورت کے ساتھ تیار کیا گیا ہے تاکہ بچوں کو قانونی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے، پاکستان جنوبی ایشیا میں بچوں کی فلاح و بہبود کو فروغ دینے، خواتین کی اسمگلنگ اور بچوں سے زیادتی کے واقعات کی روک تھام کے حوالے سے سارک کنونشن کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بہت سے چیلنجوں کا سامنا ہے، وزارت انسانی حقوق کی طرف سے کئی پالیسیوں پر کام، قانون سازیاں ، انتظامی اقدامات کئے گئے ہیں۔

وزارت انسانی حقوق ایک قومی منصوبے پرعملدرآمد کو کو یقینی بنا رہی ہے جس میں بچوں کی محنت، تعلیم کے تحفظ اور بچوں کے خلاف امتیازی سلوک اور تشدد کے خاتمے کے لئے دیگر اقدامات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ 18 مارچ 2016ء کو وزارت انسانی حقوق نے کرمنل لاء (دوسری ترمیم) ایکٹ 2016ء کیلئے اہم قانون سازی کی جس میں مجرم کی عمر کو 7 سے 10 سال سے بڑھا کر 12 سال سے 14 سال مقرر کیا گیا، اس کے علاوہ پہلی مرتبہ بچوں پر تشدد کے واقعات پر سزا دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ قانون پر مناسب عمل درآمد ایک چیلنج ہے جس کے لئے ہم سب تیار ہیں۔ نیشنل کمیشن برائے چائلڈ ایکٹ 2017ء پاکستان کے بچوں کو دوستانہ ماحول فراہم کرنے کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے تحفظ سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لئے تمام اداروں کو اپنی کوششیں جاری رکھنا ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :