سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں کے اراکین کیلئے کسی ظہرانے کا اہتمام نہیں کیا گیا، ترجمان

منگل 21 نومبر 2017 16:12

سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) قومی اسمبلی کے ترجمان نے بعض نجی ٹی وی چینلز پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے حوالے سے نشر ہونے والی اس خبر کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے اس کی تردید کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سپیکر کی جانب سے قومی ا سمبلی کے آج کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں کے اراکین کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے ظہرانہ دیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو یہاں جاری بیان میں ترجمان نے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے ایسے کسی ظہرانے کا اہتمام نہیں کیا گیا اور نہ ہی سپیکر قومی اسمبلی اس میں شرکت کریں گے۔ یہ ظہرانہ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کی جانب سے دیا جارہا ہے جس سے سپیکر قومی اسمبلی اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا کو ئی تعلق نہیں ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی کو اجلاس میں اراکین کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے کسی جانب سے بھی کوئی ہدایت نہیں دی گئی اور نہ ہی وہ کسی سیاسی جماعت کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے کو ئی کردار ادا کررہے ہیں، یہ کام حکومت اور سیاسی جماعتوں کی قیادت کا ہے۔ ترجمان نے ٹی وی چینلز پرنشر ہونے والی خبروں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔