وزیر اعظم کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس جمعہ کو ہوگا

منگل 21 نومبر 2017 15:20

وزیر اعظم کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس جمعہ کو ہوگا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2017ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت صوبائی حکومتوں کے درمیان غیر معمولی مسائل کو حل کرنے کے لیے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس جمعہ 24 نومبر کو ہوگا ۔اجلاس میں بین الصوبائی کمیٹی ( آئی پی سی سی) اور مشترکہ مفادات کونسل کی ذیلی کمیٹیوں کی رپورٹس پر غور کیا جائے گا۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت اس اجلاس میں تمام صوبوں کے وزراء اعلیٰ اور تین وفاقی وزراء غلام مرتضیٰ جتوئی ،ْریاض پیر زادہ اور احسن اقبال کے علاوہ، مشترکہ مفادات کونسل کے ارکان، وفاقی وزارتوں اور صوبوں کے سینئر حکام بھی شرکت کریں گے۔

اجلاس میں مشترکہ مفادات کونسل مالی معاہدوں کے لیے کمیٹی کی تشکیل، اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن، ورکر ویلفیئر فنڈ، قومی پانی پالیسی، ایل این جی پالیسی، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی پیٹرولیم کمپنیوں کی پیٹرولیم پالیسی نافذ نہ کرنے اور حکومت کی جانب سے گزشتہ 60 ماہ یا اس سے زائد عرصے سے سنگل ریسرچ بلاک پیش نہ کرنے کے حوالے سے جائزہ لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مشترکہ مفادات کونسل بین الصوبائی کمیٹی کے صوبائی پیداوار کو تیل اور گیس کے متعلقہ نتائج کے حصول کیلئے اختیارات دینے کے فیصلے پر غور کرنے کا امکان ہے تاکہ آرٹیکل 158 کو اس کی اصل شکل میں نافذ کیا جاسکے۔اجلاس میں وزیراعظم چاروں وزراء اعلیٰ کو اس بات پر راضی کریں گے کہ وہ گیس کی افادیت کو فعال کرنے کیلئے گیس سیکٹر اصلاحات پر اپنے اعتراضات ختم کردیں۔اجلاس میں صوبائی حکومتوں کی جانب سے ایل این جی درآمد کی پالیسی پر تحفظات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔