محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو گندم کی کاشت جلد مکمل کرنے کی ہدایت

منگل 21 نومبر 2017 14:48

فیصل آباد۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء)محکمہ زراعت نے گندم کے کاشتکاروں کو گندم کی کاشت جلد از جلد مکمل کرنے اور 15دسمبر تک کاشت کی صورت میں شرح بیج60کلوگرام فی ایکڑ رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ گندم کی کاشت میں جتنی تاخیر ہو گی پیداوار میں بھی ہر روز کے حساب سے اتنی ہی کمی واقع ہوتی جائے گی جس سے جہاں کاشتکاروں کو مالی نقصان کاسامنا کرناپڑسکتاہے وہیں گندم کے پیداواری اہداف بھی متاثر ہو سکتے ہیں ۔

محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ کاشتکار گندم کی فصل میں جڑی بوٹیوں کی تلفی پر خصوصی توجہ دیںاور پہلے پانی کے بعد وتر آنے پر دوہری بار ہیرو چلائیں نیز جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لیے جڑی بوٹی ما ر زہروں کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ چوڑے اور نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لیے سفارش کردہ جڑی بوٹی مار زہر کا استعمال انتہائی مفید ثابت ہواہے ۔

انہوںنے مزیدبتایا کہ جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لیے سفارش کردہ زہر کا درست مقدار میں بروقت استعمال ضروری ہے جبکہ اس سلسلہ میں محکمہ زراعت کے مقامی عملے سے رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے ۔انہوں نے گندم کی آبپاشی کے بارے میں بتایا کہ کپاس ، مکئی اور کماد کے بعد کاشت کی جانے والی گندم کو پہلا پانی بوائی کے 20سی25دن بعد اور دھان کے بعد کاشتہ گندم کو پہلا پانی بوائی کے 30سے 40دن بعد لگانا ضروری ہے ۔