اسلم پرویز اور شفیع محمد کی برسی کل منائی جائے گی

منگل 21 نومبر 2017 14:45

اسلم پرویز اور شفیع محمد کی برسی کل منائی جائے گی
فیصل آباد۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء)پاکستان فلم انڈسٹری اور ٹی وی کے نامور فنکاروں اسلم پرویز اور شفیع محمد کی برسی کل 22 نومبربدھ کو ان کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے منائی جائے گی ،اس موقع پر مختلف نگار خانوں سمیت اداکار اسلم پرویز اور شفیع محمد کے مداحوں و پرستاروں کی جانب سے خصوصی تعزیتی تقریبات کا انعقاد کیاجائیگا جس میں مذکورہ اداکاروں کی فنی ، ادبی، فلمی خدمات کو شاندارالفاظ میں خراج عقید ت پیش کیاجائیگا، اسلم پرویز کا شمار پاکستان کی فلم انڈسٹری کے صف اول کے فنکاروں میں ہوتا تھا،جنہوںنے مختلف فلموں میں بطور ہیرو اور ولن اپنی صلاحیتوں کا لوہامنوایا،اسلم پرویز 21اور 22نومبر 1984ء کی درمیانی شب ہدایتکار اقبال چوہدری کی فلم جھورا کی شوٹنگ کیلئے سٹوڈیو جا رہے تھے کہ ایک ٹریفک حادثہ نے ان کی جان لے لی،دوسری جانب صدارتی ایوارڈ یافتہ فلم و ٹی وی سٹار شفیع محمد کی برسی بھی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی جو 21نومبر 2008ء کی شب حرکت قلب بند ہو جانے کے باعث اپنے مالک حقیقی سے جاملے تھے،مرحوم نے کئی فلموں سمیت درجنوں یادگار ٹی وی سیریلز میں بھی کام کیا جبکہ ان کے یادگار کردار آج بھی ان کی یاد تازہ رکھے ہوئے ہیں۔