بچوں کی جسمانی تربیت اور ذہنی استعداد میں اضافہ کیلئے کھیل اور ورزش نہایت ضروری ہے‘ملک ارشد عزیز

نئی نسل کو عالمی چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے تعلیم ،تربیت، صحت اور خوراک کی بہت ضرورت ہے‘پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج مظفرآباد

منگل 21 نومبر 2017 14:33

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2017ء) ممتاز ماہر تعلیم ،پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج ملک ارشد عزیز نے کہا ہے کہ بچوں کی جسمانی تربیت اور ذہنی استعداد میں اضافہ کیلئے کھیل اور ورزش نہایت ضروری ہے، نئی نسل کو عالمی چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے تعلیم ،تربیت، صحت اور خوراک کی بہت ضرورت ہے۔ تمام سکولوں میں کھیل کو بطور نصاب رکھنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد پبلک سکول کے زیر اہتمام سالانہ سپورٹس گالا کی اختتامی تقریبات سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیاجبکہ کامیاب طلباء و طالبات کو ٹرافیاں اور میڈلز بھی تقسیم کیئے۔ تقریب سے ایم ڈی ادارہ مشتاق احمد خان ، سماجی رہنما ماریہ ترانہ سمیت پروفیسرز نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سالانہ سپورٹس گالامیں بچوں نے رنگا رنگ پروگرامات پیش کر کے حاضرین کے دل مولیئے۔

تقریب کا انعقاد ڈسٹرکٹ سپورٹس کمپلیکس میں کیا گیا جس میں مہمانوں کے علاوہ بچوں کے والدین نے خصوصی طور پر شرکت کی اور اپنے بچوں کے عملی مظاہرہ پر خوب داد بھی وصول کی۔ اس موقع پر بچوں نے مارشل آرٹ کے کرتب بھی دکھائے جبکہ جمناسٹک ، جوڈو کراٹے ، رسہ کشی ، 50میٹر کی دوڑ سمیت درجنوں رنگا رنگ آئیٹمز کے علاوہ بچوں کے ہاتھوں میں موٹر سائیکل بھی گزار کر فن کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔

ایم ڈی ادارہ مشتاق احمد خان نے کہا کہ بچوں کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کیلئے ہر سال اس طرح کی تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں والدین کے تعاون کیساتھ ہی اس طرح کے ایونٹ کر کے بچوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کوانٹیٹی آف ایجوکیشن کے بجائے ریاست کوالٹی آف ایجوکیشن کی طرف توجہ دے اس کیلئے ہم نے بنیاد رکھی ہے یہی وجہ ہے کہ والدین کے تعاون کیساتھ ہم کوالٹی آف ایجوکیشن کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

حکومت ایسے اداروں کی سرپرستی کرے تو ریاست میں کوالٹی آف ایجوکیشن میں مزید بہتری لائی جاسکتی ہے۔ تقریب میں پروفیسر راجہ مسعودالرحمن چیئرمین انگلش ڈیپارٹمنٹ پروفیسر معروف،پروفیسر بشارت ،پروفیسر سعید شال،ممتاز صحافی اور صدر کیپیٹل جرنلسٹس فورم طارق نقاش،ریاستی اخبار کے ایڈیٹر عبدالواجد خان،سینٹرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری اطلاعات محمد اقبال میر، ریلیف آرگنائزیشن فار کشمیری مسلمز کے انچارج سلیم شاہ سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندہ شخصیات اور صحافیوں نے شرکت کی۔

اسلام آبا د پبلک سکول کے زیر اہتمام سٹی کیمپس،جلال آباد کیمپس اور لنگرپورہ کیمپس کے 500سے زاید طلباء وطالبات نے پی ٹی شو، پکنگ ریس،ہارڈل ریس،ربل ریس،جمپنگ ریس،بیلون ریس،ریلے ریس،تھری لگ ریس،سیگ ریس اور پچاس میٹر ریس کے علاوہ رسہ کشی،کبڈی،ایکروبٹ ٹو شو،کراٹے شو،فروگ جمپنگ اور جمناسٹک کے مقابلوں میں حصہ لیا جو چھ گھنٹے سے زاید جاری رہے۔

منیجنگ ڈائریکٹر مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ اسلام آباد پبلک سکول 27سال سے تعلیمی میدان میں تعلیمی خدمات سرانجام دے رہا ہے اور سکول کے زیر اہتمام اب گزشتہ پانچ سالوں سے اسلام آبا د حفظ سکول اور دی گیٹ وے کالج اپنے اہداف کامیابی سے حاصل کررہا ہے جبکہ سٹی کیمپس کے بعد جلال آبا د کیمپس اور امسال لنگرپورہ کیمپس بھی کامیابی سے چل رہے ہیں۔

والدین کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے اعلیٰ کوالیفائیڈ ٹیچرز کے علاوہ سپورٹس کے مایہ ناز ٹیچرز کا انتخاب کیا گیا ہے ۔پورے سال سپورٹس ایونٹ بھی چلتے ہیں اور آج سالانہ سپورٹس گالا منعقد کیا گیا جس میں والدین اور اساتذہ کے علاوہ بچوں کی بڑی کنٹری بیوشن ہے جس پر سب کا شکر گزار ہوں۔تقریب میں اسلام آباد پبلک سکول ،اسلام آبا د حفظ سکول ،دی گیٹ وے کالج کے تمام کیمپس اساتذہ سرغفوراحمد،کوارڈی نیٹر قمرالزمان سلہریا،سرعرفان،فراخت بٹ کے علاوہ پروگرام کے معاونین حسان خان ودیگر طلباء نے بھی بھرپور کردار اداکیا۔

پروگرام کے اختتام پر بلیو ،یلو،گرین،ریڈہائوسز کی کامیاب ٹیموں اور رنر اپ میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے گئے۔مہمان خصوصی ،ایم ڈی ادارہ اور دیگر مہمانان نے انعامات تقسیم کیے۔

متعلقہ عنوان :