افغان سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں ، داعش کے 95 شدت پسند ہلاک

ہرات میں 75 ، ننگرہار میں 20 جنگجو مارے گئے ، مرنے والوں میں تین پاکستانی طالبان بھی شامل مشرقی صوبہ کنڑ میں مقامی رہائشیوں نے فائرنگ کر کے داعش کے تین عسکریت پسندوں کو مار ڈالا،تین زخمی،اسلحہ وگولہ بارودبرآمد

منگل 21 نومبر 2017 13:21

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2017ء) افغان سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 3 پاکستانی طالبان اور داعش کے 95 شدت پسند ہلاک ہو گئے ۔ ضلع آچن، دیہہ بالا اور لالپور میں داعش کے ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے ۔ مشرقی صوبہ کنڑ میں مقامی رہائشیوں نے فائرنگ کر کے داعش کے 3 عسکریت پسندوں کو مار ڈالا، جب کہ 3 زخمی بھی ہو گئے ۔

افغان میڈیا کے مطابق افغان صوبائی گورنر کے ترجمان عطا اللہ کھوگیانی نے بتایا کہ صوبہ ننگرہار اور آچن ضلع میں داعش کے مقامی رہنما ثاقب سمیت 20 جنگجو ہلاک ہو گئے جب کہ طالبان کے 3 جنگجو بھی مارے گئے ۔ افغان سکیورٹی فورسز نے دعویٰ کیا کہ مارے جانے والے شدت پسندوں میں 3 پاکستانی طالبان بھی شامل تھے ۔

(جاری ہے)

ضلع چھپرہار میں سکیورٹی فورسز سے جھڑپ میں بھی داعش جنگجوؤں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں ۔

مغربی صوبہ ہرات میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 75 شدت پسند ہلاک ہو گئے ۔ افغان فورسز کی طرف سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا کہ ضلع آچن، دیہہ بالا اور لالپور میں داعش کے ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے ۔ مشرقی صوبہ کنڑ میں مقامی رہائشیوں نے فائرنگ کر کے داعش کے 3 عسکریت پسندوں کو مار ڈالا، جب کہ 3 زخمی بھی ہو گئے ۔