پاکستان اور چین دونوں اقوام کی ترقی کیلئے پرامن ہمسائیگی کا وژن رکھتے ہیں،

سی پیک توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبہ جات خوش اسلوبی سے اور نظام الاوقات کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی چینی معاون وزیر خارجہ کونگ چوان یو سے گفتگو

منگل 21 نومبر 2017 12:59

پاکستان اور چین دونوں اقوام کی ترقی کیلئے پرامن ہمسائیگی کا وژن رکھتے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاک چین تزویرانی تعاون کو مزید تقویت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین دونوں اقوام کی ترقی کیلئے پرامن ہمسائیگی کا وژن رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات چینی معاون وزیر خارجہ کونگ چوان یو سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوںنے منگل کو وزیراعظم آفس میں وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔

وہ پاک چین سٹریٹیجک ڈائیلاگ کے آٹھویں دور کیلئے پاکستان کے دورے پر ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح پر رابطوں، سی پیک، تجارت، سکیورٹی اور خطے اور افغانستان میں صورتحال سمیت تمام دوطرفہ اہم امور کے بارے میں قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ سی پیک توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبہ جات خوش اسلوبی سے اور نظام الاوقات کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

چینی معاون وزیر خارجہ نے وزیراعظم لی کی اپنے پاکستانی ہم منصب کے لئے نیک تمنائیں پہنچائیں۔ انہوں نے چین کے لئے اس کے اہم ایشوز پر پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہوئے 19 ویں سی پی سی کانگریس کی کامیابی پر چینی قیادت کو ان کے مبارکباد کے مراسلے پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ چین پاکستان کا آہنی بھائی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم لی کے پیغام پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے انسانی ترقی اور روزگار، تعلیم، صحت سے متعلق منصوبہ جات سمیت سی پیک کے تمام منصوبہ جات کے بارے میں مزید تیز تر تعاون پر زور دیا تاکہ سی پیک کے فوائد عام آدمی تک پہنچ سکیں۔