تربت میں سیکیورٹی فورسزکی کارروائی،

غیرملکیوں سمیت 18 افراد بازیاب ،2 مشتبہ افراد گرفتار ،اسلحہ برآمد

منگل 21 نومبر 2017 12:53

تربت میں سیکیورٹی فورسزکی کارروائی،
تربت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 نومبر2017ء) بلوچستان کے ضلع تربت کے علاقے ردبین میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 16 غیر ملکیوں سمیت 18افراد کو بازیاب کرا لیا گیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران 2 مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ بازیاب کرائے گئے غیر ملکیوں میں 15 نائیجیرین اور 1 یمنی باشندہ شامل ہے۔

بازیاب کرائے گئے تمام افراد کو غیر قانونی طور پر یورپ بھجوایا جا رہا تھا۔یہ گرفتاریاں ایک ایسے وقت میں ہوئی ہیں، جب گزشتہ ہفتے تربت میں 2 روز کے دوران 20 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا، مقتولین کا تعلق پنجاب سے تھا۔جس کے بعد فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی ای) نے ان واقعات میں ملوث انسانی اسمگلر سہیل شکیل کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ مقتولین کو غیرقانونی طور پر براستہ تربت جرمنی بھجوانے والے انسانی اسمگلر سہیل شکیل کو گجرات سے گرفتار کیا گیا، جو جرمنی میں مقیم اپنے بھائی ہمایوں کے ساتھ مل کر انسانی اسمگلنگ کا نیٹ ورک چلاتا ہے۔اس سے قبل ایف آئی اے نے ایک اور انسانی اسمگلر صادق کو بھی کوئٹہ سے گرفتار کیا تھا، جو اپنے نیٹ ورک میں طالب کے نام سے جانا جاتا ہے۔ملزم صادق کوئٹہ سے لوگوں کو غیر قانونی طریقے سے ایران لے کر جاتا اور خود کو ایرانی ظاہر کرتا تھا۔دوسری جانب چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی جانب سے تربت سے 20 افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے کا از خود نوٹس بھی لیا جاچکا ہے۔

متعلقہ عنوان :