وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 24 نومبر کو طلب کرلیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 21 نومبر 2017 11:35

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 24 نومبر ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21نومبر۔2017ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے صوبائی حکومتوں کے درمیان غیر معمولی مسائل کو حل کرنے کے لیے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس جمعہ 24 نومبر کو طلب کرلیا ہے۔ وزیر اعظم کی جانب سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جگہ وزیر داخلہ احسن اقبال کو مشترکہ مفادات کونسل میں شامل کیے جانے کے بعد یہ پہلا اجلاس ہوگا۔

اجلاس میں بین الصوبائی کمیٹی اور مشترکہ مفادات کونسل کی ذیلی کمیٹیوں کی رپورٹس پر غور کیا جائے گا۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت اس اجلاس میں تمام صوبوں کے وزراءاعلیٰ اور تین وفاقی وزراءغلام مرتضیٰ جتوئی، ریاض پیر زادہ اور احسن اقبال کے علاوہ، مشترکہ مفادات کونسل کے ارکان، وفاقی وزارتوں اور صوبوں کے سینئر حکام بھی شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مشترکہ مفادات کونسل مالی معاہدوں کے لیے کمیٹی کی تشکیل، اولڈ ایج بینیفٹ ، ورکر ویلفیئر فنڈ، قومی پانی پالیسی، ایل این جی پالیسی، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی پیٹرولیم کمپنیوں کی پیٹرولیم پالیسی نافذ نہ کرنے اور حکومت کی جانب سے گزشتہ 60 ماہ یا اس سے زائد عرصے سے سنگل ریسرچ بلاک پیش نہ کرنے کے حوالے سے جائزہ لیا جائے گا۔مشترکہ مفادات کونسل بین الصوبائی کمیٹی کے صوبائی پیداوار کو تیل اور گیس کے متعلقہ نتائج کے حصول کے لیے اختیارات دینے کے فیصلے پر غور کرنے کا امکان ہے تاکہ آرٹیکل 158 کو اس کی اصل شکل میں نافذ کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :