امریکا نے شمالی کوریا کو دہشت گرد ریاست قرار دے دیا- شمالی کوریا دہشت گردی کی معاونت اور دنیا کو ایٹمی حملوں کی دھمکیاں دے رہاہے۔صدر ٹرمپ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 21 نومبر 2017 11:12

امریکا نے شمالی کوریا کو دہشت گرد ریاست قرار دے دیا- شمالی کوریا دہشت ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21نومبر۔2017ء) امریکا نے شمالی کوریا کو دہشت گرد ریاست قرار دے دیا ہے‘ شمالی کوریا کے خلاف مزیدپابندیوں کا اعلان منگل کو کیا جائے گا۔امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے اعلان میں کہا کہ یہ کام بہت برسوں پہلے ہوجانا چاہیے تھا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ شمالی کوریا دہشت گردی کی معاونت کررہا ہے اور اس وہ دنیا کو ایٹمی حملوں کی دھمکیاں دے رہاہے۔

صدر ٹرمپ نے کابینہ کے ایک اجلاس میں کہا کہ اس کے بعد شمالی کوریا پر بڑے پیمانے پراضافی پابندیاں عائد کی جائیں گی جن کا اعلان منگل کو کیا جائے گا۔لیکن وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے کہا ہے کہ اس کے عملی اثرات محدود ہوں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کو اس اقدام کی وجہ قرار دیا جو ان کی نظر میں بین الاقوامی سطح پر دہشت گردی کے کام ہیں۔

(جاری ہے)

رواں سال ستمبر میں امریکہ نے اقوام متحدہ کے سامنے شمالی کوریا کے خلاف مختلف قسم کی پابندیاں عائد کرنے کی تجاویز پیش کیں جن میں تیل درآمدات پر پابندی کے ساتھ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی املاک کو منجمد کرنا شامل تھا۔اس کے بعد شمالی کوریا نے چھٹا جوہری تجربہ کیا اور کئی میزائلوں کے تجربات بھی کیے۔خیال رہے کہ اس فہرست میں ایران، سوڈان اور شام پہلے سے ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے انھوں نے بین الاقوامی سطح پر دہشت گردی کے عمل کو بار بار تعاون فراہم کیا ہے۔

شمالی کوریا پہلے اس فہرست میں شامل تھا لیکن 2008 میں جارج ڈبلیو بش کی انتظامیہ نے شمالی کوریا کے ساتھ جوہری پروگرام پر بات چیت کرنے کے پیش نظر اسے اس فہرست سے ہٹا دیا تھا۔تاہم وزیر خارجہ ٹیلرسن نے شمالی کوریا کے ساتھ ابھی بات چیت کی امید نہیں چھوڑی ہے وائٹ ہاﺅس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام شمالی کو ملک سے باہر دھوکے سے قتل کروانے اور ممنوع کیمیائی اسلحہ استعمال کرنے جیسی اس کی حالیہ کارروائیوں کے لیے ذمہ دار ٹھہرانے کے لیے کیے گئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں یہ پابندیاں بہت علامتی ہیں تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ ان اقدام سے شمالی کوریا سے بات چیت کرنے والوں کی کوششوں کو دھچکہ لگے گا اور وہ اس سے منحرف ہو جائیں گے۔انھوں نے کہا اس کے عملی اثرات محدود ہوں گے لیکن امید ہے کہ ہم اس سے بعض خامیوں کو کم کریں گے۔دوسری جانب شمالی کوریا اقوام متحدہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے جوہری اسلحے کے پروگرام پر عمل پیرا ہے۔پیانگ یانگ نے اپنے میزائل پروگرام کے منصوبے کو راز میں بھی نہیں رکھا کہ وہ ایسا میزائل بنانا چاہتا ہے جو امریکہ کی سرزمین کو نشانہ بنا سکے اور یہ کہ اس نے ہائیڈروجن بم تیار کر لیا ہے۔