گوادر کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے دور رس نتائج برآمد ہونگے

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کاچین کے قونصل جنرل سے بات چیت

پیر 20 نومبر 2017 22:25

گوادر کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے دور رس نتائج برآمد ہونگے
کوئٹہ۔20نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے میں شامل گوادر کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے دور رس نتائج برآمد ہونگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے قونصل جنرل مسٹر وانگ یو (Mr.

(جاری ہے)

Wang Yu) سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے پیر کے روز یہاں ان سے ملاقات کی، وائس چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ خواجہ ہمایوں نظامی بھی اس موقع پر موجود تھے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ چینی قیادت ون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں گوادر کو اہمیت دیتی ہے جس کا اظہار چینی صدر نے بارہا کیا ہے، ملاقات میں سی پیک میں شامل گوادر سمارٹ سٹی، فری زون، ایسٹ بے ایکسپریس وے، گوادر بین الاقوامی ائیرپورٹ اور ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تنصیب کے منصوبوں کی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، چینی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ گوادر نیو انٹرنیشنل ائیرپورت کے ڈیزائن کو حتمی شکل دیتے ہوئے چینی کمپنی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط کر دئیے گئے ہیں اور جلد منصوبے پر کام کا آغاز کیا جائے گا، وزیراعلیٰ نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ جلد منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ کر سی پیک سے متعلق ایک مثبت پیغام دیا جائے، انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے جس سے سرمایہ کاروں اور چینی کمپنیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، وزیراعلیٰ نے چینی قونصل جنرل کو بلوچستان کے معدنی ذخائر کے حوالے سے بھی بریفنگ دی، جبکہ انہوں نے گوادر میں پانی کے مسئلے کے حل کے لیے 500ملین گیلن کے ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تنصیب اور میرانی ڈیم سے پائپ لائن کے ذریعہ گوادر کو پانی کی فراہمی کے منصوبے کو سی پیک میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان منصوبوں کو جے سی سی (JCC) کے اجلاس میں بھی منظوری کے لیے پیش کیا جائیگا بعد ازاں چینی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ کو یادگاری تحفہ جبکہ وزیراعلیٰ نے انہیں شیلڈ پیش کی۔

متعلقہ عنوان :