چین پاکستان اقتصادی راہداری کی بنیاد گوادر ہے ،گوادر کی اہمیت کا اعتراف چینی قیادت بھی کرتی ہے،

پاک چین دوستی صرف حکومتی سطح کے تعلقات پر ہی استوار نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام بھی ایک دوسرے کے ساتھ دلوں سے جڑے ہوئے ہیں، پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کی ترقی کو قابل تقلید سمجھتی ہے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا پاکستان بین الاقوامی ائیر شو کی تقریب سے خطاب

پیر 20 نومبر 2017 22:17

چین پاکستان اقتصادی راہداری کی بنیاد گوادر ہے ،گوادر کی اہمیت کا اعتراف ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 نومبر2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی بنیاد گوادر ہے اور یہ کہنا بے جا نہیں ہوگا کہ گوادر سی پیک ہے اور سی پیک گوادر ہے ، گوادر کی اہمیت کا اعتراف چینی قیادت بھی کرتی ہے۔پاک چین دوستی صرف حکومتی سطح کے تعلقات پر ہی استوار نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام بھی ایک دوسرے کے ساتھ دلوں سے جڑے ہوئے ہیں، پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کی ترقی کو قابل تقلید سمجھتی ہے اور پاکستان کی ترقی میں چین کے کردار اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

وہ پیر کو پاکستان ائیرفورس اور چینی ائیرفورس کے زیر اہتمام بین الاقوامی ائیر شو کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ یہ چین کے ائیرفورس کی جانب سے پاکستان میں کئے جانے والا پہلا ائیر شو تھا، جس میں چینی فضائیہ کے J-10 لڑاکا طیاروں نے ائیروبیٹک کا شاندار مظاہرہ پیش کیا، جو چینی پائلٹوں کی مہارت اور صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، تقریب میں چین پیپلز آرمی فضائیہ کے میجر جنرل لیوچن منگ ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ عاصم سلیم باجوہ، صوبائی وزراء و اراکین اسمبلی، سول و عسکری حکام اور لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ تقریب میں پہنچے تو ائیروائس مارشل محمد حسیب پراچہ نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا، اپنے خطا ب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ یادگار لمحات اور بین الاقوامی معیار کا ائیر شو نہ صرف دونوں ممالک کی ائیر فورس کے درمیان بہترین تعلقات کا مظہر ہے بلکہ بے مثال پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں اس یاد گار فلائی پاسٹ میں شرکت کر کے بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے جس کا اہتمام ہمارے چینی دوستوں نے کوئٹہ میں کیا اور وہ اس شاندار تقریب کے انعقادپر آرگنائزرز کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک اور اقوام کے درمیان تعاون کی ایک روشن مثال ہے۔ یہ معاشی و اقتصادی منصوبہ پاکستان بالخصوص بلوچستان کے عوام کی زندگیوں میں ایک مثبت تبدیلی لائے گا اور خطے کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند ، سمندرسے گہری اور شہد سے میٹھی ہے۔ ہر پاکستانی اور ہر چینی اس بے مثال دوستی پر فخر محسوس کرتا ہے۔ آج کا ائیر شو چینی بھائیوں کی جانب سے بلوچستان کے عوام کے لیے ایک تحفے سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان پیار، محبت ، عزت احترام اور تعاون کے لازوال رشتے قائم ہیں، جو پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہیں۔

ہم پاکستان کی ترقی میں دلچسپی لینے اور عملی تعاون پر چینی قیادت کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ سی پیک کے تحت گوادر کے نئے بین الاقوامی ائیرپورٹ کے ڈیزائن کے حوالے سے چینی کمپنی اور سول ایوی ایشن کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہو گئے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ جلد از جلد اس منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور خلوص کے رشتے وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہونگے جس کا فائدہ دونوں ممالک کے عوام کو پہنچے گا۔ وزیراعلیٰ نے چین کی Aerobatic ٹیم کی غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرنے پر انہیں مبارکباد پیش کی، وزیراعلیٰ نے بلوچستان کے عوام کے لیے کوئٹہ میں ائیر شو کے انعقاد پر چینی ائیر فورس اور پاکستانی ائیرفورس کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعلیٰ نے مظاہرے میں حصہ لینے والے چینی پائلٹوں سے بھی ملاقات کی اور ان کی صلاحیتوں اور تربیتی معیار کو سراہا، قبل ازیں پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں پی جی ایف۔7 اور آگسٹا ہیلی کاپٹر سمیت دیگر ہیلی کاپٹروں نے بھی فضائی مظاہرہ پیش کیا، وزیراعلیٰ بلوچستان نے JF-17 تھنڈر طیارے کے ماڈل کی رونمائی بھی کی جو بعدازاں وزیراعلیٰ پیش کیا گیا۔