شہر میں روڈانجینئرنگ کو بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائینگے ،ڈپٹی کمشنرگوجرانوالہ

پیر 20 نومبر 2017 22:12

گوجرانوالہ ۔20نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2017ء)ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمد طارق قریشی نے کہا ہے کہ شہر میں روڈانجینئرنگ کو بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائینگے تا کہ شہریوں کو ٹریفک کے مسائل سے نجات دلانے کے ساتھ ساتھ حادثات میں نمایاں کمی لائی جا سکے مزید ٹریفک کی روانی کے لیے چن دا قلعہ پر فاسٹ ٹریک بھی تعمیر کیا جائیگا اور کمرشل گاڑیوں،بڑی لوڈر بسوں اور ویگنوں کا دن کے اوقات میں شہری حدود میں داخلہ پر پابندی عائد کرتے ہوئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے روڈ آڈٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اسسٹنٹ کمشنرز (سٹی رائو سہیل اختر ،صدر رانا محمد جمیل)،سیکرٹری ڈی آر ٹی اے فیصل عباس مانگٹ،فوکل پرسن/کو آرڈینیٹر کمیٹی عمر مرزا ،ایکسئن ہائی وے ،محکمہ واپڈا،میونسپل کارپوریشن ،ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایچ اے اعجاز بھٹی،ایم ڈی واسا،خالد بشیر بٹ،ڈی ایس پی ٹریفک کے علاوہ دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر محمد طارق قریشی نے ایکسئن ایم اینڈ آر کو اجلاس میں غیر حاضرپر اظہار برہمی کا اظہار کیا اور آئندہ اجلاس میں حاضری کی سختی سے ہدایت کی ،انہوںنے واپڈا کے حکام کو ہدایت کی کہ دستگیر روڈ اور غلام حسین پارک تا نگار چوک سے جانب لاہور پولز ہٹانے کا تخمینہ تیار کریں تا کہ پولز ہٹا کر سڑک کی چورائی میں اضافہ کیا جا سکے اور محکمہ ٹیلی فون اپنے ڈیڈ پولز بھی ختم کریں ،انہوں نے پی ایچ اے حکام کو ہدایت کی کہ وہ شہر میں ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ ڈالنے والے بڑے اشتہاری بورڈ بھی ختم کریں ۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے فتومنڈ ،چھچروالی ، کچہری چوک ، فیروز والا روڈکے درمیان روڈ انجینئرنگ کے سلسلہ میں محکمہ کارپوریشن کی کاوشوں کو سراہا ۔انہوں نے ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایت کی کہ وہ شہر میں رکھے گئے کوڑے کے ڈبوں کو سڑک سے ہٹائیں اور صفائی کے بہترین انتظامات کریں تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کے ساتھ شہریوں کو ٹریفک مسائل سے بھی چھٹکارا دلایا جا سکے ۔