سانحہ تربت ،ایف آئی اے نے دو انسانی سمگلرز کو حراست میں لیکر تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا

پیر 20 نومبر 2017 22:12

گوجرانوالہ ۔20نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2017ء) ایف آئی اے نے سانحہ تربت واقعہ میں نوجوانوں کو بھجوانے والے دو انسانی سمگلرز کو حراست میں لیکر تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ، تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے خالد انیس نے بتایا ہے کہ سانحہ تربت واقعہ میںجاں بحق ہونیوالے افراد کو لیجانے والے مرکزی ملزم وحید خان کو حراست میں لے لیا ہے ،ملزم نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ وہ پندرہ افراد کو پاکستان ایران کے بارڈر پر لے جا رہا تھا، پندرہ افراد کو کوئٹہ کے ایجنٹ طالب کے حوالے کیا ،ملزم قلعہ عبداللہ کا رہائشی جسکا اصل نام محمد صادق ہے ،ملزم کو ڈائریکٹر ایف آئی اے کوئٹہ نے ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب کے حوالے کیا ہے جبکہ گجرات کے رہائشی پانچ افراد کو کوئٹہ بھجوانے والے انسانی سمگلر سہیل شکیل کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے ، پانچوں افراد کی سہیل کیساتھ جرمنی کیلئے ڈیل ہوئی تھی ، سہیل جرمنی میں مقیم اپنے بھائی ہمایوں کیساتھ ملکر انسانی اسمگلنگ کا نیٹ ورک چلاتا ہے،تاہم ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔