موسمی تبدیلیاں و ماحولیاتی اثرات ہماری فصلوں کو متاثر کررہے ہیں، حاجی محمد اکرم انصاری

پیر 20 نومبر 2017 22:01

ملتان ۔20نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2017ء)وزیر مملکت برائے کامرس اینڈ ٹیکسٹائل حاجی محمد اکرم انصاری نے کہا ہے کہ موسمی تبدیلیاں بارشوں میں بے قاعدگی ، پانی کی کمی اور ماحولیاتی اثرات ہماری فصلوں کو متاثر کررہے ہیں،جدید تحقیق کی بدولت ہم زراعت کو مشکلات سے نکال کر بحالی کی طرف لاسکتے ہیں، انہوں نے ان خیالات کا اظہار بہائو الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے شعبہ پلانٹ پتھالوجی کے زیراہتمام چھٹی انٹرنیشنل کانفرنس بعنوان ’’پودوں کی صحت زراعت کی بقا کی ضامن ہے ‘‘میںخطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد چوہدری ، چیئرپرسن شعبہ پلانٹ پتھالوجی پروفیسر ڈاکٹر راشدہ عتیق ، غیرملکی سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر وسنتا کمارا ، پروفیسر ڈاکٹر شی فینگ وانگ چائنا، پروفیسر ڈاکٹر منیر ابوحیدر کنیڈا، پروفیسر محمد ارشد جاوید ملائیشیاء، پروفیسر ہارپندر سنگھ رندھاوا کینیڈا اور پروفیسر ڈاکٹر ڈینس امریکہ ، سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد محمود ، الہ دین گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین حاجی عطاء الرحمن ، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنس و اورک ڈاکٹر سعید اختر ، چیئرمین شعبہ علوم اسلامیہ ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب اور ممبر سنڈیکیٹ آمنہ حسنین نقوی بھی موجود تھیں،وفاقی وزیر مملکت برائے کامرس اینڈ ٹیکسٹائل نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کاشت کاروں کی فلاح کیلئے بہت سے منصوبے شروع کیے ہیں جن میں کھادوں میں سبسڈی ، ٹیوب ویلز کی بجلی کے ٹیرف میں کمی ، رابطہ سڑکوں کی بحالی و مرمت ، سبسڈی پر زرعی مشینری کی فراہمی اور دیگر منصوبے شامل ہیں،انہوں نے کہاکہ امپورٹڈ بیج کی درآمد پر سبسڈی دینے پر غور کیاجارہا ہے جبکہ موسمی تبدیلیوں سے بچنے کیلئے ہمیں شجرکاری پر خصوصی توجہ دینی ہوگی،کانفرنس سے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد چوہدری، چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر راشدہ عتیق ، سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیو ٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد محمود اورپاکستان فائٹو پتھالوجیکل سوسائٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر سلیم حیدر نے بھی خطاب کیا، افتتاحی تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر مملکت حاجی محمد اکرم انصاری نے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد چوہدری ، چیئر پرسن شعبہ پلانٹ پتھالوجی ڈاکٹر راشدہ عتیق اور حاجی عطاء الرحمن کو یادگاری شیلڈز دیں جبکہ وفاقی وزیر مملکت کو قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد چوہدری نے شیلڈ پیش کی۔