نبی کریم ؐ کے امن پیار محبت اور بھائی چارے کے پیغام کو ملحوظ رکھتے ہوئے ایک دسرے کا احترام کرنا ہوگا،ڈپٹی کمشنر خیرپور

پیر 20 نومبر 2017 22:06

سکھر۔ 20نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2017ء) ڈپٹی کمشنر خیرپور محمدنواز سوہو نے کہا ہے کہ ربیع الاول نبی آخر زمان کی ولادت کا مہینہ ہے جس میں نبی کریم ؐ کے امن پیار محبت اور بھائی چارے کے پیغام کو ملحوظ رکھتے ہوئے ایک دسرے کا احترام کرنا ہوگااس مہینے میں جشن عید میلاد کے جلوسوں، ریلیوں اور دیگر پروگراموں کے لیے ضلع انتظامیہ کی جانب سے تعاون پیش کیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس کے دبار ہال میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں رینجرز کے کرنل ضیاء الدین ،اے ایس پی سٹی رائے مظہر اقبال، اے ڈی سی ون محمد عثمان خالد، اے ڈی سی ٹو عبدالکریم میمن،ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد انوربگٹی،ڈی آئی بی انچارج علی گل ملاح، پیر سید عبدالقادر شاہ جیلانی ، کمال شاہ، مولانا نور محمدمری، غلام قادر الرو، غازی نجم الدین فاروقی، جمیل احمد بھٹی آٹھوں کے تعلقوں کے اے سیز، ڈی آئی بی انچارج علی گل ملاح ، امن کمیٹی کے صدر مولانا صدر الدین پھلپوٹو، مولانا میر محمد میرک ، سمیت سنی رابطہ کونسل، بریلوی ، دیوبندی، سنی تحریک، جمعیت علماء اسلام، قادری تحریک ، جماعت اہلسنت سمیت تمام تنظیموں کے رہنمائوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈی سی خیرپور نے کہا کہ تمام مکتبہ فکر ضلع بھر میں امن و امان بحال رکھنے کے سلسلے میں انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں ربیع الاول میں تمام تر علاقوں میں صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹ حفاظتی انتظامات اور دیگر اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے ۔ رینجرز کے کرنل ضیاء الدین نے اس موقع پر کہا کہ ضلع بھر میں جشن میلاد کے پروگرام منعقد ہوں گے جس کے لیے رینجرز کی جانب سے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔

ضابطہ اخلاق اور دل آزار تقاریرکرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگاانہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول میں برداشت اور اتحاد کا مظاہرہ کیا جائے بغیر پرمٹ کوئی ریلی اور جلوس نکلنے نہیں دیا جائے گا اے ایس پی سٹی رائے مظہر اقبال نے کہا کہ ربیع الاول میں ایس او پی، ضابطہ اخلاق اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی کسی کو گڑبڑ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی لائوڈ اسپیکر کے استعمال پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈی سی آفس، ایس ایس آفس ، اے ایس پی آفس سمیت آٹھوں تعلقوں کے اے سیز آفسوں میں کنٹرول روم فعال رہے گا ۔اس موقع پر اجلاس میں شریک تمام تنظیموں کے علما کرام اور نمائندوں نے اپنی گزارشات، شکایات اور سفارشات سے ضلع انتظامیہ کو آگاہ کیا۔ جس پر ضلعی انتظامیہ نے ان کو فوری حل کرنے اور پرامن ماحول کو قائم رکھنے میں کردار پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی۔