کارکنان 25دسمبر کو ہونے والے جلسے کی تیاریاں بھرپور انداز میں شروع

کردیں،فردوس نقوی کراچی پڑھے لکھے اور باشعور لوگوں کا شہر ہے لیکن بد قسمتی سے ہزاروں نوجوان ڈگریاں لے کر نوکریوں کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، کراچی شہر کو اندھیروں سے نکال کر ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائیں گے، صحافیوں سے گفتگو

پیر 20 نومبر 2017 21:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 نومبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ کارکنان 25دسمبر کو ہونے والے جلسے کی تیاریاں بھرپور انداز میں شروع کردیں ۔ چیئرمین عمران خان اور تحریک انصاف کا پیغام گلی گلی گھر گھر پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ پاکستان تحریک انصاف ہمیشہ کراچی کے عوام کے دکھ سکھ میں انکے ساتھ رہی ہے، انشاء اللہ کراچی کے عوام کے ساتھ مل کر شہر کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کریں گے۔

یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہائوس ‘‘ میںصحافیوں کے وفد سے ملاقا ت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔ فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ کراچی پڑھے لکھے اور باشعور لوگوں کا شہر ہے لیکن بد قسمتی سے آج ہمارے کراچی کے ہزاروں نوجوان ڈگریاں لے کر نوکریوں کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں جبکہ جو نوکریاں نوجوانوں کا حق ہے وہ کرپٹ حکمرانوں کی جانب سے چند پیسوں کے عوض بیچ دی جاتی ہیں یا پھر اپنے من پسند افراد کو دے دی جاتی ہیں جو کہ سراسر میرٹ کا قتل عام ہے۔

(جاری ہے)

کراچی کے شہری اور خصوصاً نوجوان یہ جان چکے ہیں کہ 3دہائیوں سے اسمبلیوں میں کراچی کی نمائندگی کرنے والی جماعت نے کبھی کراچی شہر کے حقوق کے لئے آواز نہیں اٹھائی اور کراچی کے عوام سے ووٹ لے کر ہمیشہ مفاہمت کے ساتھ حکومتوں میں حصہ دار رہے ہیں ۔ اب انکے پاس کراچی کے عوام سے ووٹ مانگنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے عوام اور خصوصاً نوجوانوں کے ساتھ مل کر جدوجہد سے کراچی شہر کو اندھیروں سے نکال کر ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائیں گے ۔25دسمبر کا جلسہ ثابت کرے گاکہ تحریک انصاف کراچی کی نمائندہ جماعت ہے اور آئندہ عام انتخابات میں کراچی سے کامیاب ہو کر اسمبلیوں میں کراچی کے حقوق کے لئے بھرپور جنگ لڑے گی۔

متعلقہ عنوان :