حضرت سید پیر مہر علی شاہ کے سالانہ عرس مبارک کی دو روزہ تقریبات اختتام پذیر

پیر 20 نومبر 2017 21:45

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2017ء)حضرت سید پیر مہر علی شاہ کے سالانہ عرس مبارک کی دو روزہ تقریبات اختتام پذیر ہو گئی ہیں۔پیرکوگولڑہ شریف میں عرس کی اختتامی تقریب کے موقع پر علمائ کرام نے خطابات کیے اور نعت خوانوں نے ہدیہ عقیدت پیش کیا۔عرس کی تقریب میں ملک بھر سے ہزاروں زائرین نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر سجادہ نشین گولڑہ شریف پیر سید شاہ عبدالحق گیلانی نے امت مسلمہ اور ملک پاکستان کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کرائی۔

دربار گولڑہ شریف سے جاری کیئے گئے اعلامیہ کے مطابق سجادہ نشین گولڑہ شریف پیر سیّد غلام معین الحق گیلانی نے یہ واضح اعلان فرمایا ہے کہ جن ممبران پارلیمنٹ نے گزشتہ دنوں ختم نبوت کے متعلق حلف نامہ کے قانون میں تبدیلی کی گھناؤنی سازش میں حصہ لیا وہ تعاون علی الاثم والعدوان کے مرتکب ہوئے۔

(جاری ہے)

اس بابرکت تقریب میں پیر سیّد غلام معین الحق گیلانی نے اپنے اعلان میں متعلقین کو بالخصوص اور برادران اسلام کو بالعموم ہدایت کی کہ آئندہ الیکشن میں ان شخصیات کو ووٹ نہ دیں اور آقا کریم کی ذات پاک سے سچی غلامی کا ثبوت دیں تاکہ مستقبل میں عوامی نمائندگان اس طرح کی ناپاک جسارت نہ کرسکیں۔

اس موقع پر سجادہ نیشن پیر سید معین الحق گیلانی کے صاحبزادے پیر سید مہر فرید الحق مہر گیلانی بھی موجود تھے۔