عالمی یوم اطفال کے موقع پر بچوں کے حقوق کو اجاگر کرنے کے لئے آگاہی واک کا اہتمام

پیر 20 نومبر 2017 21:35

فیصل آباد۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2017ء)عالمی یوم اطفال کے موقع پر بچوں کے حقوق اور ان کی بنیادی ضروریات کو اجاگر کرنے کے لئے آگاہی واک منعقد ہوئی جس کی قیادت مشترکہ طور پر ڈپٹی کمشنر سلمان غنی ‘ ایم این اے بیگم خالدہ منصور ‘ ارکان صوبائی اسمبلی مدیحہ رانا اور ڈاکٹر نجمہ افضل نے کی ۔ واک کا اہتمام ضلعی انتظامیہ ‘ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو ‘ چائلڈ رائٹس موومنٹ کے اشتراک سے کیا گیا تھا جو کہ ڈپٹی کمشنر کمپلیکس سے شروع ہو کر زرعی یونیورسٹی روڈ ‘ ضلع کچہری سے گزرتی ہوئی خلیق قریشی چوک ( ضلع کونسل چوک ) جا کر اختتام پذیر ہوئی ۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ انچارج چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو الفت عباس ‘ ڈی ایچ او ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر اسفند یار ‘ ڈی او سپیشل ایجوکیشن چوہدری عبدالحمید ‘ کوارڈینیٹر چائلڈ رائٹس موومنٹ ندا مقبول ‘ چائلڈ رائٹس پروٹیکشن کمیٹی میونسپل کارپوریشن فرزانہ چوہدری ‘ کوارڈینیٹر گرلز گائیڈ آمنہ احسان ‘ روبینہ مرزا آف لگن فائونڈیشن ‘ آصف مغل الف اعلان پاکستان‘ طاہر اقبال لائل پور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن ‘دیگر این جی اوز کے نمائندے بھی موجود تھے جبکہ واک میں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر ‘چلڈرن کلب ‘ ایس او ایس ویلج ‘ اپنا گھر ‘ سپیشل ایجوکیشن اور مختلف سکولوں کے بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جنہوں نے بچوں کے حقوق ‘ بنیادی ضروریات اور تحفظ کے بارے میں نعروں پرمشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا کہ بچے قدرت کا انمول تحفہ اور نرم و نازک پھول ہیں جن کی پوری توجہ اور پیار و محبت کے ساتھ دیکھ بھال کرنی چاہئے ۔ ارکان صوبائی اسمبلی مدیحہ رانا اور ڈاکٹر نجمہ افضل نے کہا کہ بچے قوم کا درخشاں مستقبل ہیں انکی آبیاری اورصحیح سمت رہنمائی سے قومی ترقی کی بنیاد مضبوط ہو گی ۔ انہوں نے بچوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں سماجی مشکلات وسختیوں سے محفوظ رکھنے کے لئے حکومتی اقدامات کا ذکر کیا اور کہا کہ بچوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔