تحریک لبیک یا رسول ﷺ کے دھرنے کا مسئلہ پُرامن انداز میں مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لئے علماء کی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے

وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال کی میڈیا سے گفتگو

پیر 20 نومبر 2017 21:28

تحریک لبیک یا رسول ﷺ کے دھرنے کا مسئلہ پُرامن انداز میں مذاکرات کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2017ء) وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ تحریک لبیک یا رسول ﷺ کے دھرنے کا مسئلہ پُرامن انداز میں مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لئے علماء کی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ علماء و مشائخ کے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ کمیٹی میں تمام مکتبہ فکر سے ممبران شامل ہیں جس کی سربراہی پیر حسین الدین کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کا اس بات پر اتفاق طے پایا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں دھرنے کا مسئلہ مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے حل ہونا چاہیے۔ پاکستان اس طرح کی بدامنی کا زیادہ دیر متحمل نہیں ہو سکتا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اجلاس نے پارلیمنٹ سے ختم نبوت ﷺ کے قانون کی منظوری کو سراہا اور اسے تاریخی قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ حکومت مذاکراتی کمیٹی کو ہر ممکن حمایت اور تعاون فراہم کرے گی۔

امید ہے کہ مظاہرین بھی اسی طرز عمل کا مظاہرہ کریں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اجلاس میں علماء و مشائخ کی اکثریت نے شرکت کی تاہم دیگر شہروں میں مقیم بعض علماء اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اجلاس کا اعلامیہ میڈیا کے سامنے پڑھ کر سنایا۔

متعلقہ عنوان :