وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدائیت پر تشکیل شدہ ’’لا اینڈ آرڈر کمیٹی‘‘ اور’’تحریک لبیک

پاکستان ‘‘کے ختم نبوت لانگ مارچ و فیض آبادفلائی اوور پر دھرنا قائدین کے درمیان مذاکرات کا چوتھا دور بھی ناکام زید حامد کے استعفے کے مطالبے پر ڈیڈلاک بدستور موجود،دھرنے میں مزید طوالت کا امکان بڑھ گیا ْماہ ربیع الاول کے آغاز اور عید میلاد النبی ﷺکی آمد سے حکومت و انتظامیہ مخمصے کا شکار مسلم لیگ ن راولپنڈی کی قیادت نے دھرنے کے شرکاپر کسی قسم کے طاقت کے استعمال کی مخالفت کردی

پیر 20 نومبر 2017 20:51

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدائیت پر تشکیل شدہ ’’لا اینڈ آرڈر کمیٹی‘‘ اور’’تحریک ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدائیت پر تشکیل دی گئی ’’لا اینڈ آرڈر کمیٹی‘‘ اور’’تحریک لبیک پاکستان ‘‘کے ختم نبوت لانگ مارچ و فیض آبادفلائی اوور پر دھرنے کے قائدین کے درمیان مذاکرات کا چوتھا دور بھی ناکام ہو گیا، زید حامد کے استعفے کے مطالبے پر ڈیڈلاک بدستور موجود رہنے کی وجہ دھرنے میں مزید طوالت کا امکان بڑھ گیا ہے، ماہ ربیع الاول کے آغاز اور عید میلاد النبی ﷺکی آمد سے حکومت و انتظامیہ مخمصے کا شکار ہو گئی ہے ادھردھرنے کے قائدین کی جانب سے مطالبے پر قائم رہنے کے بعدمسلم لیگ ن راولپنڈی کی قیادت نے دھرنے کے شرکاپر کسی قسم کے طاقت کے استعمال کی مخالفت کرتے ہوئے جڑواں شہروں کی انتظامیہ کو ہدائیت کی ہے کہ دھرنے کے دوران شہریوں کی مشکلات کے خاتمے اور آمدورفت سہل بنانے کے لئے اپنے انتظامات بہتر کریں ڈبل روڈ سمیت ٹریفک کے دبائوکے زد میں آنے والی تمام شاہراہوں پر ہر قسم کی تجاوزات اور غلط پارکنگ کے خلاف فوری کاروائی کی جائے اس امر کا اظہار دھرنے کے حوالے سے تشکیل دی گئی لا اینڈ آرڈر کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا کمیٹی کے کنونیئر و چیئر مین میٹرو بس سروس حنیف عباسی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں شریک کنونیئرو رکن قومی اسمبلی ملک ابرار،کمشنر راولپنڈی ،میئر راولپنڈی سردار نسیم ،رکن صوبائی اسمبلی راجہ حنیف چیئر مین واسا و سابق رکن صوبائی اسمبلی ضیا ء اللہ شاہ ،آر پی او راولپنڈی ،سی پی او راولپنڈی ،آئی جی اسلام آباد اور ایس ایس پی اسلام آبادکے علاوہ حسین الدین شاہ ،اور سجادہ نشین دربار عالیہ عیدگاہ شریف پیر نقیب الرحمان سمیت متعلقہ حکام موجود تھے ذرائع کے مطابق جڑواں شہروں کے عوام کے لئے دھرنے سے پیدا شدہ اعصاب شکن صورتحال پر غور کے لیئے قبل ازیںیکے بعد دیگرے کمیٹی کے 3اجلاس ہو چکے ہیں جس میں دھرنا کے شرکا اور انتظامیہ کے درمیان ڈیڈ لاک بدستور موجود ہے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی کی جانب سے زید حامد کے استعفے کے مطالبے پر قائم رہنے کی وجہ سے مصالحت کا کردار ادا کرنے والے علما کرام نے بھی تحفظ ناموس رسالت اور ختم نبوت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کا عزم دہراتے ہوئے مطالبے کی حمائیت کی ذرائع کے مطابق پیر نقیب الرحمان نے اجلاس کو بتایا کہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا بنیادی حصہ ہے اور یہی ہماری اولین ترجیح ہے لیکن اس کے ساتھ ملکی امن و سلامتی بھی ہماری ذمہ داری ہے لیکن دھرنا ختم کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ تحریک لبیک پاکستان نے کرنا ہے تاہم کمیٹی کے کنونیئر حنیف عباسی سمیت اجلاس میں موجود لیگی قائدین نے بھی تحفظ ختم نبوت پر کٹ مرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور جڑواں شہروں کی انتظامیہ کو ہدائیت کی کہ دھرنے کے شرکا پرلاٹھی چارج ، شیلنگ اور تشدد سمیت کسی قسم کی طاقت کے استعمال سے اجتناب کیا جائے انہوں نے کہا کہ چونکہ یہاں معاملہ تحفظ ختم نبوت کا ہے اور یہ ممکن نہیں کہ ایک شخص جو لبیک یا رسول اللہ کا نعرے بلند کر رہا ہو اس پر اپنے ہی ملک میں ڈنڈے برسائے جائیں یا اسے گرفتار کیا جائے لیگی قائدین کا موقف تھا کہ چونکہ وہ پیر حسین الدین شاہ اور پیر نقیب الرحمان سمیت جید علما اور اہلسنت والجماعت کی مقامی قیادت سے مکمل رابطے میں ہیں اور ان کے مطالبات سن کر ان پر کوئی مثبت راستہ نکالنے کی کوشش میں ہیں اور توقع ہے یہ معاملہ جلد افہام و تفہیم سے حل کر لیا جائے گا ۔