Live Updates

عمران خان کے گھر سے نکلنے کے بعد فیصلہ کیا تھا کہ اب اپنی زندگی فلاحی کاموں کیلئے وقف کر دوں گی

لوگ انہیں فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے دیکھیں گے: تحریک انصاف کے سربراہ کی سابقہ اہلیہ ریحام خان

muhammad ali محمد علی پیر 20 نومبر 2017 20:05

عمران خان کے گھر سے نکلنے کے بعد فیصلہ کیا تھا کہ اب اپنی زندگی فلاحی ..
لکی مروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 نومبر2017ء) ریحام فائونڈیشن کی سربراہ اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ ان پر سرکٹ ہائوس کے دروازے بند کرنے والے جان لیں کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے ان کیلئے اپنے گھروں کے دروزے کھول دیئے ہیں کوئی میرے لئے راستہ بند کرسکتا ہے نہ دھمکی دے کر کہیں آنے جانے سے روک سکتا ہے کیونکہ میں پختون ہوں اور پختون صرف اللہ تعالیٰ کے سامنے سر جھکاتے ہیں وہ کسی سے نہیں ڈرتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوسرے مروت سپورٹس گالاکی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا ریحام خان نے کہا کہ کوئی فون یا ٹیکسٹ میسج پر ان کی آواز نہیں دبا سکتا وہ خیبر پختونخوا میں ڈیرہ، لکی، تورغر، چترال یا جہاں بھی جائیں گی عوام کے جائز حقوق کیلئے آواز اٹھائیں گی وہ اچھی طرح جانتی ہیں کہ پچھلے چار سال سے یہاں کیا ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

صحافی خطرے سے دوچار ہیں وزراء کے خلاف لکھنے والوں پر قاتلانہ حملے ہورہے ہیں۔ پختون بار بار دھوکہ نہیں کھاتے لوگوں کو چاہیے کہ وہ سیاستدانوں کیلئے سڑکوں پر آتے وقت خود کو درپیش پانی اور روزگار کی کمی جیسے مسائل سے متعلق آواز اٹھائیں۔ انہوں نے مروت قوم کی تعریف کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ یہاں پانی نہیں، سیمنٹ فیکٹری و صنعتیں ہونے کے باوجود روزگار نہیں، سی پیک کے ثمرات سے یہ علاقہ محروم ہے اور اچھے سپورٹس گرائونڈز موجود نہیں یہی وجہ ہے کہ یہاں خوشحالی نہیں لیکن لوگ پھر بھی صابر و شاکر ہیں۔

اتنا صبر اور شکر ٹھیک نہیں عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے روشن مستقبل کے لئے آواز اٹھائیں ان کے جائز حقوق کے لئے میں ضرور ساتھ دوں گی ریحام خان نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ پختونوں کی نئی نسل مزدوری نہ کرے وہ خوشحال ہوں اس کیلئے روزگار کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ خواتین کو ہنر مند بنانا ہوگا اور عالمی سطح پر پختونوں سے متعلق پایا جانے والا امیج تبدیل کرنا ہوگا انہوں نے علاقے میں عالمی سطح کے کھلاڑی پیدا کرنے کے لئے پروفیشنل سپورٹس کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے دیگر حصوں کی طرح ریحام فائونڈیشن لکی مروت میں بھی مردوں اور خواتین کے لئے کمپیوٹر ایجوکیشن اور ہیلتھ سینٹر قائم کرے گا۔

ریحام خان نے اس موقع پر مزید کہا کہ انہوں نے عمران خان کے گھر سے نکلنے کے بعد فیصلہ کیا تھا کہ وہ اب اپنی زندگی فلاحی کاموں کیلئے وقف کر دیں گی۔ لوگ انہیں فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے دیکھیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات