چیئرمین یونین کونسل موگلہ راجہ طارق افضل کالس ضمنی الیکشن حلقہ پی پی20 کیلئے پی ٹی آئی کے امیدوار نامزد

پیر 20 نومبر 2017 20:40

چکوال۔ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین یونین کونسل موگلہ راجہ طارق افضل کالس کو حلقہ پی پی20 کے ضمنی الیکشن کیلئے اپنا امیدوار نامزد کردیا ہے۔ اس نشست پر ٹکٹ کیلئے علی ناصر بھٹی اور چوہدری تیمور علی خان ایڈووکیٹ نے بھی ٹکٹ کیلئے درخواست جمع کرا رکھی تھی۔ ٹکٹ کا فیصلہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کے ضلعی رہنمائوں سے مشاورت سے کیا۔

(جاری ہے)

یہاں پہنچنے والی اطلاعات کے مطابق پیر کے روز علی ناصر بھٹی نے بھی بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں پی پی20کے ضمنی الیکشن میں اعداد و شمار کے حوالے سے مکمل طور پر بریفنگ دی۔ عمران خان نے راجہ یاسر سرفراز سے بھی اس بارے میں مشاورت کی ، معلوم ہوا ہے کہ شمالی ریجن پنجاب کے صدر راجہ عامر کیانی 21نومبر کو چکوال میں پی ٹی آئی کے دفتر میں ایک پریس کانفرنس میں اس ٹکٹ کا باضابطہ اعلان کریں گے۔ راجہ طارق افضل کا خاندانی سیاسی پس منظر ہے ۔ مقامی سطح پر کالس خاندان ہمیشہ سیاسی کامیابیاں حاصل کرتا آیا ہے ۔ راجہ طارق افضل کالس کی سردارن دلہہ اور سابق ایم پی اے چوہدری اعجاز فرحت سے قریبی رشتہ داری ہے جس کی وجہ سے صورتحال بڑی دلچسپ ہوگئی ہے۔

متعلقہ عنوان :