خیر پور شاہ حسین ٹریفک حادثے میں 20افراد کی ہلاکت پر فاروق ستار کااظہار تعزیت

ٹرک اور مسافر وین میں المناک تصادم میں متعدد انسانی جانوں کا ضیاع بڑا سانحہ ہے، تصادم میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کو حکومت سندھ فی الفور معاوضہ کی ادائیگی کرے ، ڈاکٹر محمد فاروق ستار

پیر 20 نومبر 2017 20:38

خیر پور شاہ حسین ٹریفک حادثے میں 20افراد کی ہلاکت پر فاروق ستار کااظہار ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 نومبر2017ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے خیر پور میں شاہ حسین بائی پاس پر کوئلے کے ٹرک اور مسا فر وین کے درمیان ہونے والے ہولناک تصادم کے نتیجے میں 20افراد کے جاں بحق اور 5افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ٹرک اور مسافر وین میں المناک تصادم میں متعدد انسانی جانوں کا ضیاع بڑا سانحہ ہے جس کا مدوا ممکن نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ٹرک اور مسافر وین کے درمیان تصادم کے واقعات اس سے قبل بھی رونما ہوچکے ہیں جن میں سینکڑوں لوگ لقمہ اجل بن چکے ہیں لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ حکومتی سطح پر ایسے ہولناک واقعات کی روک تھام کیلئے اب تک کوئی حکمت عملی مرتب نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی کوئی مثبت قانون سازی کی گئی جس سے ایسے ہولناک اور المناک واقعات کا تدراک کیاجاسکے اور انسانی زندگیوں کو محفوظ کیا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹرک اور مسافر وین کے درمیان تصادم میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد ومکمل صحت یابی عطا کرے۔ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ ٹرک اور مسافر وین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کو فی الفور معاوضہ ادا کیاجائے۔