گولڈن سٹار کرکٹ کلب کا لاہور ایسٹ زون میں ون ڈے کلب کر کٹ ٹورنامنٹ کروانے کا فیصلہ

پیر 20 نومبر 2017 20:10

گولڈن سٹار کرکٹ کلب کا لاہور ایسٹ زون میں ون ڈے کلب کر کٹ ٹورنامنٹ کروانے ..
لاہور۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2017ء) گولڈن سٹار کرکٹ کلب نے لاہور ایسٹ زون میں کرکٹ کے فروغ کی خاطر ون ڈے کلب کر کٹ ٹورنامنٹ کروانے کا فیصلہ کر لیا۔کلب کے صدر اور معروف کرکٹر آرگنائزر واصف زمان کا کہنا ہے کہ ایسٹ زون کلب کر کٹ ٹورنامنٹ کروانے کا مقصد زون سے ملحقہ تمام کلبوں کے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے ،ان کا کہنا ہے کہ ایک وقت تھاجب ایسٹ زون لاہور کی کلب کرکٹ کی سرگرمیوں کا مرکز تھا اور عبدالقادر،ندیم غوری ،عامر سہیل ،عمر ان فرحت ،ہمایوں فرحت کے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے ساتھ ساتھ ان گنت فرسٹ کلاس کرکٹرز اسی زون سے تعلق رکھتے تھے اور ایسٹ زون میں سب سے زیادہ ٹورنامنٹس ہوا کرتے تھے۔

واصف زمان کا کہنا تھا کہ بد قسمتی گذشتہ 15 سال سے ایسٹ زون کی کرکٹ میں وہ اقدامات نہیں کئے گئے جن کی اشد ضرورت تھی جس کے نتیجے میں زون میں کلب دم توڑنے لگی ہے۔

(جاری ہے)

ہم نے اسی کمی کو پورا کرنے کے لئے ایسٹ زون میں ون ڈے ٹورنامنٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے اور زون سے ملحقہ تمام کلبوں کو ٹورنامنٹ میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔واصف زمان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کو شفاف بنانے کے لئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام کلبوں کے نمائندوں کی موجودگی میں میڈیا کے سامنے قرعہ اندازی کے ذریعے ٹورنامنٹ کے ڈراز نکالے جائیں گے تاکہ من مرضی کا معاملہ بھی ختم ہو جائے۔

گولڈن سٹار کرکٹ کلب کے صدر کا کہنا تھا کہ تمام تر سیاسی معاملات کو پس پشت ڈال کر زون کی کرکٹ میں فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے اور زون کی کلبوں کو فعال بنانے کے لئے بھی گولڈن سٹار کرکٹ کلب اپنا کردار موثر انداز میں ادا کرے گی۔

متعلقہ عنوان :