پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے عالمی بنک کی ٹیم کو خصوصی بریفنگ

پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے سربراہ نے عالمی بنک کی کثیر الجہتی سرمایہ کاری ضامن ایجنسی کے اعلی سطحی وفد کو بریف کیا

پیر 20 نومبر 2017 18:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2017ء) عالمی بنک کی خصوصی ٹیم پر مشتمل ایک اعلی سطحی وفد نے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کا دورہ کیا اور پنجاب میں سرمایہ کاری و تجارت کے امکانات کے حوالے سے اہم گفتگو کی۔ عالمی بنک کی کثیر الجہتی سرمایہ کار ضامن ایجنسی ( ملٹی لیٹرل انوسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی کی طرف سے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کا دورہ کرنے والی ٹیم میںMIGAکی سینئر انوائرمنٹل سپیشلسٹ کیٹ والیس، سینئر انڈر رائٹر کیم جیکا آن وو میگبو، ریسرچ آفیسر پرسیفون اکانومو اور جوناتھن ایٹنگر شامل تھے۔

پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جہانزیب برانہ نے وفد کا استقبال کیا جبکہ ان کے ساتھ راشد ترابی، شرقی احمد ٹیپو، علی جاوید اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سی ای او پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت نے مہمان وفد کو بورڈ کے کام کے طریقہ کار اور پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی طور پر بتایا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صحت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، خوراک، مینوفیکچرنگ، خدمات، توانائی، سیاحت، انڈسٹریل اسٹیٹس اور سپیشل اکنامک زونز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ جہانزیب برانہ نے وفد کو بتایا کہ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت خصوصی منصوبوں کی فزیبیلٹی رپورٹ پر ماہرانہ تجاویز بھی فراہم کرتا ہے تاکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو یہاں سرمایہ کاری کے وقت کسی قسم کی دقت نہ ہو۔

اس موقع پر پاکستان میں آٹو موبائل انڈسٹری کی حالیہ کارکردگی اور اس میں بہتری کے امکانات پر بھی سیر حاصل بحث کی گئی۔ سی ای او جہانزیب برانہ نے پاک چین معاشی راہداری کا خصوصی طور پر ذکر کیا اور بتایا کہ سی پیک کی بدولت پاکستان سمیت پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور امریکہ اور یورپ سمیت دنیا کے دیگر ممالک اب پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔ عالمی بنک کے وفد نے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے کام کے طریقہ کار کو بے حد سراہا اور مستقبل میں تواتر کے ساتھ معلومات کے تبادلے کی درخواست کی تاکہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے کلچر کو مزید پروان چڑھایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :