جنوبی وزیرستان وانا میں احمدزائی وزیر قبائل کے چیف ملکانان پولٹیکل ایجنٹ ظفر الاسلام خٹک کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے

پولٹیکل ایجنٹ اور انکے سٹینوگرافرکے احتساب اور فوری تبادلے کا مطالبہ کردیا

پیر 20 نومبر 2017 18:37

وانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2017ء) جنوبی وزیرستان وانا میں احمدزائی وزیر قبائل کے چیف ملکانان پولٹیکل ایجنٹ ظفر الاسلام خٹک کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ،پولٹیکل ایجنٹ اور انکے سٹینوگرافرکے احتساب اور فوری تبادلے کا مطالبہ کردیا ،ایجنسی بھر کا نظام درہم برہم ہے ہمیں پتہ نہیں چل رہا کہ پولٹیکل ایجنٹ ظفر الاسلام خٹک ہے یا انکے سٹینو گرافر سمیع اللہ مروت ،احمدزائی وزیر قبائل کے مشران نے چیف ملک اجمل خان وزیر اور چیف ملک بسم اللہ خان کے اس مطالبے کی بھر پور تائید کی ۔

تفصیلا ت کے مطابق جنوبی وزیرستان ایجنسی کے ہیڈ کواٹر وانا میں احمدزائی وزیر قبائل کے چیف ملکانان و دیگر عمائدین نے ایک پریس کانفرنس کے دوران پولٹیکل ایجنٹ ظفرالاسلام خٹک اور انکے اسٹینو گرافر کے احتساب اور تبادلے کا مطالبہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس سے چیف آف احمدزائی وزیر قبائل ملک بسم اللہ خان وزیر ،چیف ملک اجمل خان وزیر ،چیف ملک میر دل خان وزیر اور چیف ملک بہرام خان وزیر کے علاوہ ملک سید رانو ر وزیر ،ملک خیر محمد وزیر ،ملک علاوالدین وزیر ،ملک سیف اللہ خان وزیر ،ملک نظام الدین وزیر اور ملک رسول خان وزیر سمیت دیگر مشران نے خطاب کیا ۔

انہوں نے وزیر اعظم پاکستان ،آرمی چیف ،گورنر کے پی کے اور نیب کے چیف و دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ پولٹیکل ایجنٹ سائوتھ وزیر ستان ایجنسی ظفر الاسلام خٹک بڑے پیمانے پر کرپشن میں ملوث ہے اس لئے ضروری ہے کہ انکا محاسبہ کرکے انکو فوری تبدیل کیا جائے اگر ایک ملک میں وزیر اعظم کا محاسبہ ہوسکتا ہے تو پولٹیکل ایجنٹ کا کیوں نہیں انہوں نے کہا کہ سات قبائلی ایجنسیوں میں ایک ایک پولٹیکل ایجنٹ تعینات ہے جبکہ جنوبی وزیرستان ایجنسی میں دو پولٹیکل ایجنٹس کام کررہے ہیں ایک ظفر الاسلام خٹک ہے جبکہ دوسرا اسکا غیر قانونی بھرتی ہونے والا اسٹینو گرافر سمیع اللہ مروت ہے جو کرپشن کے بے تاج بادشاہ بن بیٹھے ہیں ۔

قبائلی ملکانان نے مزید کہا کہ پچھلے دو ڈائی سال سے ایجنسی کے ہیڈکواٹر وانا میں عوامی فلاح وبہود کے کسی بھی منصوبے پر پولٹیکل ایجنٹ نے دھیان نہیں دیا اور نہ کسی منصوبے پر کام ہوا ہے سالانا جو ترقیاتی سکیمں ہوتی ہیں وہ سر عام کمیشن مانگ کر فروخت ہوتی ہے جن سے عام لوگوں کی بجائے خاص افراد کو فائد ہ مل رہا ہے ۔قبائلی مشران نے حکومت کو ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ یکم دسمبر تک پولٹیکل ایجنٹ اور انکے اسٹینو گرافر کا احتساب اور تبادلہ نہ کیا گیا تو احمدزائی وزیر قبائل کے یہ چیف ملکانان قبائلی عوام کے ساتھ مل کر احتجاجاًً سڑکوں پر نکلیں گے اور آخر میں گلی گلی شور ہے پولٹیکل ایجنٹ چور ہے تحریک چلائی جائیگی ۔

جبکہ آخری حربے کے طور پر جب تک پولٹیکل ایجنٹ اور انکے اسٹینو گرافر کا احتساب اور تبادلہ نہیں ہوتا پارلمینٹ کے سامنے دھرنا دیا جائیگا ۔

متعلقہ عنوان :