ہزارہ اباسین آرٹس کونسل اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی اشتراک سے نعت خوانی کے سالانہ دو روز مقابلے اختتام پذیر ہو گئے

15 سال سے کم عمر بچوں میں محمد محروس مصطفیٰ اور بچیوں میں عجوہ بتول نے پہلی پوزیشن حاصل کی سے 25 سال تک کے مرد نعت خوانوں میں عنزہ خالد اور خواتین میں سیدہ زینب کاظمی صوبائی مقابلہ کیلئے منتخب ہو گئے

پیر 20 نومبر 2017 18:36

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2017ء) ہزارہ اباسین آرٹس کونسل اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی اشتراک سے نعت خوانی کے ویں سالانہ دو روز مقابلے اختتام پذیر ہو گئے۔15 سال سے کم عمر بچوں میں محمد محروس مصطفٰی، بچیوں میں عجوہ بتول، 15 سے 25 سال تک کے مرد نعت خوانوں میں عنزہ خالد اور اسی کیٹگری کی خواتین میں سیدہ زینب کاظمی اول پوزیشن کے ساتھ صوبائی مقابلہ کیلئے منتخب قرار پائے ہیں۔

مہمان خصوصی تحصیل ناظم ایبٹ آباد محمد اسحاق ذکریا، ضلعی خطیب مفتی عبدالواجد اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اسد محمود لودھی نے نعت خوانوں میں میں انعامات تقسیم کئے۔ ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں ہزارہ اباسین آرٹس کونسل اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی اشتراک سے 34 ویں سالانہ دو روزہ مقابلے ایبٹ آبادکے جلال بابا آڈیٹوریم میں منعقد ہوئے جن میں پہلے روز ضلع ایبٹ آباد کے سرکاری، پرائیویٹ تعلیمی اداروں، مختلف یونیورسٹیوں اور نعت اکیڈمیز کے 150 سے زائد بچوں اور بچیوں نے شرکت کی اور 40 سے زائد بچوں اور بچیوں نے دوسرے مرحلہ کیلئے کوالیفائی کیا جن کے درمیان ہونے والے مقابلوں میں 15 سال سے کم عمر طلباء میں محروس مصطفیٰ نے پہلی، سید ابصارالحسن نے دوسری اور اور سید مجتبی شاہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ اسی کیٹگری میں طالبات میں عجوہ بتول پہلے، مومنہ ایمان دوسرے جبکہ نورانی کاظمی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

15 سے 25 سال کے مردوں کی کیٹگری میں عنزہ خالد پہلے، سید راغب شاہ دوسرے اور ذیشان خان تیسرے نمبر پر رہے، اسی طرح خواتین کی اسی کیٹگری میں سیدہ زینب کاظمی نے پہلی، کائنات عباسی نے دوسری جبکہ سیدہ غوثیہ کاظمی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ان مقابلوں میں منصفین کے فرائض صاحبزادہ سخاوت الرحمن جواد، محمد نبیل عباسی، محمد چن زیب مصطفائی اور سید غلام مہر علی نے انجام دیئے۔ کونسل شعبہ نعت کے انچارج طاہر منیر اعوان اور شکیل انور انجم نے کونسل کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ آخر میں مہمان خصوصی تحصیل ناظم اسحق ذکریا، ڈسٹرکٹ خطیب مفتی عبدالواجد نے کامیاب اور شریک نعت خواں طلباء و طالبات میں ٹرافیاں، اسناد اور دیگر انعامات تقسیم کئے۔