محکمہ آبپاشی خیبر پختونخوا اور عوامی جمہوریہ چین کی سرکاری کمپنی سی جی جی سی کے مابین ڈیرہ اسماعیل خان میں چشمہ رائٹ بنک کینال منصوبے کی تعمیر و ترقی کیلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی شرکت

پیر 20 نومبر 2017 18:33

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 نومبر2017ء) محکمہ آبپاشی حکومت خیبر پختونخوا اور عوامی جمہوریہ چین کی سرکاری کمپنی چائنہ گیز ہوبا گروپ انٹرنیشنل انجینئر نگ کارپوریشن (سی جی جی سی) کے مابین ڈیرہ اسماعیل خان میں چشمہ رائٹ بنک کینال (لفٹ ۔کم گریویٹی) منصوبے کی تعمیر و ترقی کیلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے ۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سیکر ٹریٹ پشاور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے بطور خاص شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا طارق رشید اور ڈپٹی جنرل منیجر سی جی جی سی نے یاداشت پر دستخط کئے۔ یاداشت کے مطابق گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ فریم ورک کے تحت باہمی تعاون سے منصوبے کی تعمیر کی جائے گی اور اس سلسلے میں درکار تفصیلات اور ضروریات کو حتمی شکل دینے کے بعد با ضابطہ معاہدہ کیا جائے گا۔دونوں پارٹیوں نے اس منصوبے کو سی پیک کے اندر لانے کی شدید خواہش کا اظہار کیا اور اس مقصد کیلئے باہمی کاوشیں یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔