اسحاق ڈار کے استعفیٰ ،پبلک ٹوائلٹس تعمیر کرنے کے مطالبے ،ایران ،عراق میں زلزلہ سے ہلاکتوں پر اظہار افسوس ،3قرار دادیں پنجاب اسمبلی میں جمع

محکمہ صحت پنجاب میں 2ارب روپے کی مالی بے ضابطگیوں ،اوقاف کی47کنال اراضی پر قبضہ کیخلاف سمیت 4تحاریک التوائے کار بھی جمع

پیر 20 نومبر 2017 18:14

اسحاق ڈار کے استعفیٰ ،پبلک ٹوائلٹس تعمیر کرنے کے مطالبے ،ایران ،عراق ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 نومبر2017ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے فوری استعفیٰ ،پنجاب بھر میں پبلک ٹوائلٹس تعمیر کرنے کے مطالبے اور ایران ،عراق میں زلزلہ سے بڑی تعداد میں ہلاکتوں پر اظہار افسوس کی 3قرار دادیں اور چار تحاریک التوائے کار پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئیں ۔ تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ڈاکٹر مراد راس کی طرف سے جمع کروائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ فرد جرم لگنے کے بعد وزیر خزانہ کا عہدے پر براجمان رہنا درست نہیں۔

دوسری طرف وزیر خزانہ کی بیماری کی وجہ سے ملک کی اہم پوسٹ خالی پڑی ہے ملک کی معاشی صورتحال انتہائی خراب ہے اور ملک اس وقت بیمار معیشت پر بیمار وزیر خزانہ کا متحمل نہیں ہو سکتا اس لئے پنجاب کے مقدس ایوان کی متفقہ رائے ہے کہ وزیر خزانہ سے فلفور استعفی طلب کیا جائے اور اس اہم عہدے پر اہل شخص کی تعیناتی کی جائے تاکہ ملکی معیشت کو سنبھالا مل سکے ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ملک تیمور مسعود کی جانب سے جمع کروائی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک جہاں لوگ سرعام رفع حاجت پر مجبور ہیں ، 2 کروڑ سے زائد آبادی کو ٹوائلٹس کی سہولت ہی میسر نہیں،ٹوائلٹ نہ ہونے اور نقص صفائی سے عوام مختلف بیماریوں کا شکار ہیں ، پاکستان میں روزانہ پانچ سال کی عمر کے 110 بچے اسہال دست سے ہلاک ہوتے ہیں۔

قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس ضمن میں آگاہی مہم کا آغاز کرے اور سڑکوں گلیوں کے ساتھ ساتھ پبلک ٹوائلٹس بھی تعمیر کیے جائیں۔مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے ایران اور عراق میں زلزلہ سے بڑی تعداد میں ہلاکتوں پر اظہار افسوس کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی جس میں کہا گیا ہے کہ مصیبت کی گھڑی میں پاکستان مسلمان بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

حکومت پاکستان کی جانب سے متاثرہ افراد کیلئے فوری امداد بھیجنا خوش آئند ہے۔انہوں نے مزید موقف اختیار کیا یہ ایوان یران اور عراق میں ہولناک زلزلے سے بڑے تعداد میں ہلاکتوںپر گہرے غم اور دکھ کا اظہار کرتا ہے۔پاکستانی قوم ہلاک ہونے والے افراد کے اہلخانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اوراس قدرتی آفت سے بڑے پرپیمانے ہونے والے نقصان پر ایرانی حکومت سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔

پاکستان کی جانب سے زلزلہ زدگان کیلئے فوری امداد پہنچانا ایک اچھا اقدام ہے۔تمام مسلم ممالک کو ایسے موقعوں پر اپنے اختلافات کو بلا طاق رکھتے ہوئے اپنے متاثرہ مسلمان بھائیوں کی مدد کرنی چاہیے۔لہذا یہ ایوان ہولناک زلزلے سے ہلاک ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے دلی ہمدری کا اظہار کرتا ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ اگر ایرانی اور عراقی حکومت کو مزید مدد کی ضرورت ہوتو ان کو فراہم کی جائے۔

جبکہ تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی نبیلہ حاکم علی نے شیخ زید ہسپتال میں سی ٹی سکین اور ایم آئی آر مشینیں ایک ماہ سے خراب ہونے کیخلاف تحریک التوائے کار جمع کروائی۔ مسلم لیگ (ق) کی رکن اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے موضع مانک رائے ونڈ لاہور میں اوقاف کی47کینال اراضی پٹہ پے لے کر قبضہ کرکے رہائشی سکیم میں شامل کرنے کے خلاف تحریک التوائے کار جمع کروائی۔تحریک انصاف کے رکن اسمبلی محمد شعیب صدیقی کی جانب سے بچوں سے مشقت روکنے کے لیے پالیسی واضع نہ ہونے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروائی گئی ۔تحریک انصاف کے رکن اسمبلی احمد خان بھچر کی جانب سے محکمہ صحت پنجاب میں 2 ارب روپے کی مالی بیضابطگیوں کے خلاف تحریک التوائے کار جمع کروائی گئی ۔