امتحانات کو شفاف بنانے کیلئے اور امتحانی پرچوں کی چیکنگ کیلئے ڈیجیٹلائز سافٹ ویئر ز لگائے جائیں، یہ تمام عمل تین مہینوں کے اندر اندر مکمل کیا جائے ،

تعلیمی اصلاحات کی بدولت سکولوں کی کارکردگی میں نمایاں فرق آیا ہے ،صوبائی حکومت تعلیم کو بنیادی اہمیت دے رہی ہے ، اس ضمن میں پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی بھی قائم کی جا رہی ہے صوبائی وزیر تعلیم و برقیات محمد عاطف خان کا تقریب تقسیم انعامات سے خطاب میں متعلقہ حکام کو ہدایت

پیر 20 نومبر 2017 17:41

مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 نومبر2017ء) صوبائی وزیر تعلیم و برقیات محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبے بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینوں کو ہدایات کو جاری کردی گئی ہے۔ کہ امتحانات کو شفاف بنانے کیلئے اور امتحانی پرچوں کی چیکنگ کیلئے ڈیجیٹلائز سافٹ ویئر ز لگائے جائیں گے اور یہ تمام عمل تین مہینوں کے اندر اندر مکمل کردیا جائیگا، تعلیمی اصلاحات کی بدولت سکولوں کی کارکردگی میں نمایاں فرق آیا ہے ۔

وہ پیر کو تڑون شادی ہال مردان میں سٹی سکولز کی طرف سے پوزیشن ہولڈر طالب علموں اور بہترین کارکردگی والے اساتزہ میں انعامات تقسیم کرنے کے تقریب سے بطور مہمان خصوصی سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایم این اے علی محمد خان ، مردان تعلیمی بورڈ کے چیئرمین شوکت حیات ، طالب علموں کے والدین ، فیکلٹی ممبران اور طالب علم موجود تھے۔

(جاری ہے)

محمد عاطف خان نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت تعلیم کو بنیادی اہمیت دے رہی ہے اور اس ضمن میں پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی بھی قائم کررہی ہے۔

اس ریگولیٹری اتھارٹی کا بنیادی مقصد پرائیویٹ سکولوں کیلئے گائیڈ لائن بنانے کیساتھ ساتھ ، طالب علموں کے فیسوں کا تعین ، اساتذہ کی ٹریننگ ، اساتذہ کی تنخواہوں کا تعین ، سلیبس کی تیاری، وغیرہ شامل ہیں۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ اس اتھارٹی میں پرائیویٹ سکول کے نمائندے ، سرکاری نمائندے ، والدین اور ماہر تعلیم شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور پرائیویٹ سکول ایک ساتھ کام کرکے قوم اور ملک کو ایک تعلیم یافتہ اور کامیاب نسل دیں تاکہ ہمارا آنے والا کل روشن ہو۔

محمد عاطف خان نے اپنے دور حکومت میں تعلیمی میدان میں اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے کہا کہ مردان میں ویمن یونیورسٹی کے قیام کے بعد 6ڈیپارٹمنس نے کام شروع کیا ہے جبکہ 11ڈیپارٹمنٹس عنقریب کام شروع کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کیلئے بنائے گئے ہوم اکنامکس کالج بھی بہت جلد کام شروع کرے گا۔ جبکہ انجینئرنگ یونیورسٹی مردان بھی ایک انقلابی قدم ہے جس سے عوام کو بہت فوائد ملیں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ ایکول فاطمہ الفہری سکول 87کنا ل رقبے پر زیر تعمیر ہے جس پر 32 کروڑ روپے خرچہ آرہا ہے ۔ جبکہ گرلز کیڈٹ کالج مردان نے بھی کام شروع کیا ہے۔ جہاں پر لڑکیوں کی پڑھائی کیساتھ ساتھ تربیت بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بڑی خوشی ہے کہ صوبائی حکومت نے امن قائم کیا ، ادارے بحال کئے اور نئے تعلیمی ادارے بنائے۔ اور اب کراچی اور پنجاب سے لڑکیاں داخلے کیلئے گرلز کیڈٹ کالج مردان آرہی ہیں۔ محمد عاطف خان نے پوزیشن ہولڈر ز طلباء اور طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔ اور ساتھ ساتھ بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کو سرٹیفکیٹ اور ایوارڈ دئیے۔

متعلقہ عنوان :