دیہی علاقہ جات میں صفائی کے لیے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے پروگرام کا آغاز

پیر 20 نومبر 2017 16:42

دیہی علاقہ جات میں صفائی کے لیے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے پروگرام کا آغاز
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2017ء) صوبہ پنجاب کے دیہی علاقہ جات میں ساڑھے اٹھارہ ارب روپے کی خطیر رقم سے صفائی کے انتظام و انصرام کے لیے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے صفائی پراجیکٹ پر پیش رفت شروع کر دی گئی ۔پنجاب حکومت نے پنجاب کے دیہی علاقہ جات میں صفائی کے لیے خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کاآغازکردیاگیا ہے۔پروگرام کے تحت 18ارب 59 کروڑ روپے کی لاگت سے پنجاب کے 3200 دیہاتوں میں صفائی اور کوڑے کرکٹ کومناسب طریقے سے تلف کرنے کا نظام وضع کیا جائے گا،اس ضمن میں پنجاب لوکل گورنمنٹ اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ نے اربن یونٹ کی تکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے د یہاتوں سے کوڑے کرکٹ کے خاتمے لئے ایک جامع لائحہ عمل کی تکمیل کا کام شروع کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے اے پی پی کو بتایا کہ بلدیاتی اداروں کے ذریعے اس پروگرام پر عملدرآمد کرایا جائے گا اوراس پروگرام کے ذریعے گاؤں کی سطح پر صفائی کا مؤثر نظام متعارف کرایاجائے گا ۔اس پروگرام کے تحت یونین کونسل کی سطح پر گاؤں میں صفائی کا نظام لایا جارہاہے۔جس کے تحت پہلے مرحلے میں دیہات میں 20 ہزار خاکروبوں کے تقررکے ساتھ ساتھ 4400 کوڑے دان بھی رکھوائے جائیں گے - کوڑے کو جمع کر کے مناسب تلفی کا کام نجی کمپنی سر انجام دے گی۔

ا س کے لئے کمپنی 400 کوڑا اُٹھانے والی گاڑیاں فراہم کرے گی جو 100 مختلف جگہوں پر کوڑے کو تلف کرنے میں استعمال کی جائیں گی ۔ اس منصوبہ کی میعاد 7 سال متعین کی گئی ہے جس میں کوڑے کو مختلف جگہوں پر جمع کرکے مناسب طریقے سے زمین میں تلف کیا جائے گا، مگر وقت کے ساتھ ساتھ ان میں جدت لائی جائے گی اور ان عارضی جگہوں کو پارک میں تبدیل کرنے کے علاوہ کوڑے سے بجلی پیدا کرنے کی بھی منصوبہ بندی کے جائے گی، جس سے مُلک میں نہ صرف انرجی کے فقدان کا خاتمہ مُمکن ہوگا بلکہ صاف اورصحت مند ماحول کاخواب بھی شرمندہ تعبیر ہوسکے گا۔

ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ صاف دیہات پروگرام کے تحت دیہی علاقہ جات میں صفائی کا نظام شروع کرنے کے لیے آئندہ ماہ دسمبر کے اواخر تک کی حتمی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے ۔