آر ڈی اے کا غیر قانونی ھائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف آپریشن تیز

شہریوں کو تصدیق کے بغیر نجی ھائوسنگ سوسائٹیز میں سرمایہ کاری سے گریز کی ہدایت

پیر 20 نومبر 2017 15:50

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2017ء) راولپنڈی کے ترقیاتی ادارے آر ڈی اے نے غیر قانونی ھائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف آپریشن تیز کرتے ہوئے اڈیالہ روڈ پر واقع غیر قانونی اسلام آباد فارم ھائوسز کا مارکیٹنگ آفس سر بمہر اور سائٹ آفس پر تعمیرات مسمار کردیں ۔آر ڈی اے کے میٹر پولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ نے گذشتہ روز پولیس نفری کے ہمراہ چاندنی چوک میں واقع اسلام آباد فارم ھائوسز کے مارکیٹنگ آفس کو سربمہر کر دیا اور بعد ازاں اس کے اڈیالہ روڈ پر واقع سائٹ آفس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے وہاں پر لگے غیر قانونی بل بورڈ اور الیکٹرک پولز مسمار کر دیئے ۔

آر ڈی اے کے مطابق اسلام آباد فارم ھائوسز سکیم کے مالک نعم عصمت نے پنجاب پرائیویٹ ھائوسنگ سکیمز اینڈ لینڈ سب ڈویژن قوانین کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے چاندنی چوک میں سکیم کا غیر قانوی مارکیٹنگ آفس قائم کر کے غیر قانونی سکیم کی تشہیر اور سائٹ پر ترقیاتی کام شروع کر دیئے جس پر کارروائی کی گئی ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر آر ڈی اے جمشید آفتاب نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ آر ڈی اے سے تصدیق کیے بغیر کسی بھی نجی ھائوسنگ سوسائٹی میں پلاٹ خریدنے سے گریز کریں بصورت دیگر آر ڈی اے کسی بھی ممکنہ نقصان کی ذمہ دار نہ ہو گی ۔