سندھ اسمبلی کا اجلاس پیپلز پارٹی کے مرحوم رہنما مخدوم امین فہیم کی برسی کی وجہ سے شروع ہوتے ہی منگل تک ملتوی کر دیا گیا

پیر 20 نومبر 2017 15:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2017ء) سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کو پیپلز پارٹی کے مرحوم رہنما مخدوم امین فہیم کی برسی کی وجہ سے شروع ہوتے ہی منگل تک ملتوی کر دیا گیا ۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ 10 منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی اسپیکر سیدہ شہلا رضا کی صدارت میں شروع ہوا ۔ اس وقت ایوان میں صرف دو وزراء جام مہتاب حسین ڈاہر اور ڈاکٹر سکندر میندھرو موجود تھے ۔

باقی پورا ایوان خالی پڑا ہوا تھا ۔

(جاری ہے)

تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبولﷺ کے دوران ارکان ایوان میں آتے گئے ۔ دعا کے وقفے کے دوران مخدوم امین فہیم کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی ۔ نصرت سحر عباسی نے کہا کہ جو لوگ جمعہ کے مقدس دن کو کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں اور اسے بلیک فرائیڈے قرار دے رہے ہیں ، ان کے لیے دعا کی جائے کہ اللہ انہیں ہدایت دے ۔ دعا کے بعد وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہاکہ آج مخدوم امین فہیم کی دوسری برسی ہالہ میں منعقد ہو رہی ہے ۔ ارکان وہاں جانا چاہتے ہیں ، اس لیے اجلاس ملتوی کر دیا جائے ۔ ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے اجلاس منگل کی صبح 10 بجے تک ملتوی کر دیا ۔