ڈائریکٹر لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ آزادکشمیر ڈاکٹر کبیر حسین طاہر کا دورہ کوٹلی

حکومتی اورمحکمہ لائیو سٹاک کے تعاون سے گھریلو سطح پر اور ضلع سطح پر قائم کیے گئے پولٹری فارمز کا معائینہ کیا

پیر 20 نومبر 2017 15:28

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 نومبر2017ء) ڈائریکٹر لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ (توسیع) آزادکشمیر ڈاکٹر کبیر حسین طاہر کا دورہ کوٹلی، حکومتی اورمحکمہ لائیو سٹاک کے تعاون سے گھریلو سطح پر اور ضلع سطح پر قائم کیے گئے پولٹری فارمز کا معائینہ کیا۔ انہوں نے محکمانہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا، سٹاف کی کاوشوں کو سراہا اور اسے تسلی بخش قرار دیا۔

ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے حکومت کی طرف سے اور محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کے تعاون سے نادار لوگوں اور بیوہ خواتین میں تقسیم کی گئی مرغیوں کے منی (چھوٹی) پولٹری فارمز کا موقعہ ملاحظہ بھی کیا۔ انہوں نے ساردہ کالونی میں زوجہ محمد یونس، زوجہ حمید خان اور محلہ چھائونی میں بیوہ محمد زر مرحوم، بیوہ محمد صابر مرحوم کے منی فارمز کا معائینہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقعہ پر ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے مرغیوں کو بیماریوں سے بچائو اور انڈوں کی پیداوار میں اضافے کے لیے فیڈ سپلیمنٹ بھی تقسیم کیے۔دورہ کوٹلی کے دوران ویٹرنری آفیسر توسیع ڈاکٹر حمزہ عزیز بھی ان کے ہمراہ تھے اور ان کی معاونت کرتے رہے۔ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے سٹاف کو ہدایات جاری کیں کہ گھریلو سطح پر غربت مکائو پروگرام کے تحت اور ضلعی سطح پر قائم کیے گئے پولٹری فارمز کے علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کریں تاکہ پرندے موسمی اثرات سے محفوظ رہیں۔

انہوں نے خصوصی طورپر ہدایات دیں کہ تمام پولٹری فارمز مالکان سے رابطے میں رہیں ان سے باہم مشاورت کریں، ا ن کی بھرپور معاونت کریں اور پرندوں کے علاج معالجہ میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں۔غربت مکائو پروگرام کے تحت مستفید ہونے والے تمام نادار لوگوں بالخصوص بیوہ خواتین نے ڈائریکٹر لائیو سٹاک کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ محکمہ نے ان کے لیے باعزت روزگار کا بندو بست کیا اور انہیں دیگر تمام سہولیات فراہم کیں جو کہ لائق تحسین ہیں۔

عوام الناس نے ڈائریکٹر لائیو سٹاک کے لیے نیک تمنائوں کے اظہار کے ساتھ اس امر کا بھی اظہار کیا کہ مستقبل میں غربت مکائو پروگرام کے تحت مستحقین کا خاص خیال رکھا جائے گا۔ عوام الناس نے محکمہ کی کارکردگی اور جذبہ خدمت انسانی کو سراہا ہے۔ آخر میں ڈائریکٹر لائیو سٹاک (توسیع) نے ویٹرنری آفیسر توسیع ڈاکٹر حمزہ عزیز کی کارکردگی کو سراہا،ان کی محنت، لگن اور جذبہ خدمت انسانی کو قابل تقلید اور مثالی قرار دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ آفیسر موصوف آئندہ بھی حکومتی اور محکمہ کے عزت و وقار میں اضافہ کرتے رہیں گے اور نیک نامی کا باعث بنتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :