انسانی معاشروں اور تمدن کی ترقی میں مواصلاتی نظام کا کلیدی کردار رہا ہے،

سبی ہرنائی ریلوے سیکشن فروری 2018ء تک مکمل کر لیا جائے گا، بریگیڈیئر عمر فاروقی

پیر 20 نومبر 2017 15:20

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2017ء) سبی نیشنل لاجسٹک سیل بلوچستان کے پروجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈیئر عمر فاروقی نے کہا ہے کہ انسانی معاشروں اور تمدن کی ترقی میں مواصلاتی نظام کا کلیدی کردار رہاہے،سبی ہرنائی ریلوے سیکشن فروری 2018ء تک مکمل کرلیا جائے گا،جدید تقاضوں سے مزین و ہم آہنگ سبی ریلوے سٹیشن کی توسیع کے منصوبے کی تکمیل کے بعد سبی ریلوے سٹیشن شہر کی خوبصورتی میں چار چاند لگا دے گا، سبی ہرنائی ریلوے سیکشن کی بحالی کے بعد ڈویژنل ہیڈ کوارٹرسبی سے ہرنائی ضلع کا بذریعہ ٹرین منقطع راستہ بحال ہوجائے گا، نیشنل لاجسٹک سیل کے ماہر وتجربہ کار انجینئرز سخت موسمی اثرات کی پرواہ کیے بغیر ٹریک کی بحالی میں شب وروز مصروف ہیں، تندوری برج کی تعمیرو بحالی کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی ہرنائی ریلوے سیکشن اور سبی ریلوے سٹیشن کی توسیع کے منصوبے کے معائنہ کے دوران بات چیت میں کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کمانڈنگ آفیسر پروجیکٹ منیجر کرنل عمرفاروق، ایس ایم محمد اشرف اور ریلوے حکام بھی موجود تھے۔ قبل ازیں نیشنل لاجسٹک سیل بلوچستان کے پروجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈیئر محمد عمر فاروقی کو پروجیکٹ منیجر کرنل عمر فاروق نے ریلوے سیکشن کی بحالی کے سلسلے میں تفصیلاً بریفینگ دی جبکہ بریگیڈیئر محمد عمر فاروقی نے تندوری کے مقام پر ریلوے سیکشن کی بحالی جبکہ سبی ریلوے سٹیشن کی توسیعی منصوبے کے تعمیراتی کا م کا بھی معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ انسانی معاشروںاور تمدن کی ترقی میں ذریعہ مواصلات کلیدی کردار ادا کرتے ہیں جن کے ذریعے مہینوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرکے انسان اپنی منزل تک پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے ملک کی اکائیوں کو آپس میں ملاکر وفاق کی علامت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبی ہرنائی ریلوے سیکشن سبی اور ہرنائی کے عوام کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جبکہ ہرنائی کا سبی سے براہ راست ریلوے لائن کے علاوہ اور کوئی راستہ موجود نہیں ہے اور ٹرین ہی وہ واحد ذریعہ سفر تھا جس کے ذریعے یہاں کے عوام نقل و حمل کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل لاجسٹک سیل کے ماہر و تجربہ کار انجینئرز ایک مرتبہ پھر ہرنائی اور سبی کے عوام کے درمیان منقطع راستے کو بحال کرکے یہاں کے عوام کو آپس میں ملانے کاکردار ادا کرے گا اور اس ضمن میں اس عظیم منصوبے پر کام تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ انھوں نے کہاکہ انشاء اللہ فروری 2018ء تک سبی ہرنائی ریلوے سیکشن بحال کردیا جائے گا اور ماضی کی طرح اس سیکشن پرریلوے ٹریفک رواں دواں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ تندوری برج جو کہ اس سیکشن کا سب سے بڑا برج ہے جس کی بحالی کا کام کسی چیلنج سے کم نہیں ہے جسے نیشنل لاجسٹک سیل تکمیل تک پہنچاکر دم لے گا۔ انہوں نے کہا کہ سخت موسمی اثرات اور ٹریک کی بحالی کے لیے خام مال اور تعمیراتی سامان کی رسد میں مشکلات کے باوجود ٹریک کی بحالی کا کام تکمیل کی جانب گامزن ہے۔ انہوںنے کہا کہ سبی ریلوئے اسٹیشن جس کی توسیع کے منصوبے پر کام تیزی کے ساتھ جاری ہے اور انشاء اللہ اسٹیشن کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد سبی ریلوے سٹیشن کا شمار ملک کے جدید اور خوبصورت ترین ریلوے سٹیشن میں ہوگا۔

متعلقہ عنوان :