باکمال لوگ ، لاجواب سروس۔۔۔۔ پی آئی اے کے پائلٹ نے سب کے دل جیت لیے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 20 نومبر 2017 13:13

باکمال لوگ ، لاجواب سروس۔۔۔۔ پی آئی اے کے پائلٹ نے سب کے دل جیت لیے
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 نومبر 2017ء): باکمال لوگ لا جواب سروس۔۔ جی ہاں یہ نعرہ پاکستان کی قومی ائیر لائن پی آئی اے کا ہی ہے۔ پی آئی اے کے ایک پائلٹ کی ویڈیو حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے بعد ان کی قابلیت کو خوب سراہا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا کی ویب سائٹ فیس بُک پر ایک صارف نے بتایا کہ قومی ائیر لائن پی آئی اے کی پرواز پی کے 536 کراچی سے روانہ ہوئی لیکن سکھر کے علاقہ میں موسم کی خرابی کی وجہ سے پرواز نے فضا میں ہی ہچکولے کھانا شروع کر دئے جس سے جہاز میں سوار مسافر کافی خوفزدہ ہو گئے۔

صارف نے بتایا کہ آدھہ گھنٹہ خوف و ہراس میں مبتلا رہنے کے بعد جہاز کے پائلٹ امجد محبوب اور عثمان ہاشم بلوچ سمیت پی آئی اے کی پوری ٹیم نے ہمیں آگاہ کیا کہ اب جہاز خطرے سے باہر ہے۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا صارف کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے پائلٹ نے اپنی قابلیت اور مہارانہ صلاحیتوں کی بنا پر جہاز کو ایک بڑے حادثے کا شکار ہونے سے بچا لیا۔ صارف نے سوشل میڈیا پر پائلٹ کی ایک ویڈیو بھی شئیر کی جس میں پائلٹ نے پرواز کے محفوظ ہونے اور کراچی میں دوبارہ لینڈ کروائے جانے سے متعلق مسافروں کو آگاہ کیا اور مسافروں نے پائلٹ کا شکریہ ادا کیا۔

اس ویڈیو کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ اگرچہ پی آئی اے کو کرپشن اور من پسند افراد کی بھرتیوں سمیت خراب سروس کی وجہ سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن اس طرح کے پائلٹس اور اسٹاف اس بات کا ثبوت ہیں کہ دنیا میں ابھی بھی قابل ، ایماندار اور اچھے لوگ رہتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل پائلٹ کی اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: