میونسپل کمیٹی کے عملہ کی غفلت کے باعث گندگی اور غلاظت کے ڈھیروں نے کھلابٹ کی خوبصورتی کو متاثر کردیا

پیر 20 نومبر 2017 13:04

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2017ء) میونسپل کمیٹی کھلابٹ کے عملہ کی غفلت کے باعث تجاوزات، گندگی اور غلاظت کے ڈھیروں نے کھلابٹ کی خوبصورتی کو متاثر کر دیا ہے، برساتی نالے اور نالیوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، صفائی مہم کے نام پر حاصل کئے جانے والے فنڈ کہاں خرچ ہو رہے ہیں، گندگی اور غلاظت سے پھیلنے والی بدبو اور تعفن سے وبائی امراض کے پھیلنے کا خدشہ ہے، آسمان سے تارے توڑنے کے دعوے کرنے والے بلدیاتی نمائندوں کی فوج بھی غائب ہو چکی ہے، شہریوں کی کثیر تعداد نے ضلع ہری پور میں نو تعینات ڈپٹی کمشنر ہری پور اور تحریک انصاف کی صوبائی حکومت سے سخت نوٹس لینے کے ساتھ ساتھ میونسپل کمیٹی کھلابٹ کے غافل اہلکاروں اور حکام کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلا ت کے مطا بق سیکٹر نمبر 2 سمیت کھلابٹ کے رہائشی افراد نے صحافیوں کے ساتھ ملاقات کے دوران تبادلہ خیال کرتے ہوئے بتایا کہ کھلابٹ کے چاروں سیکٹرز میں جس وقت تک بلدیاتی نمائندے موجود نہیں تھے اس وقت تک کھلابٹ کے چاروں سیکٹرز کے تمام محلہ جات کی گلیوں، نالیوں اور برساتی نالوں کی مکمل صفائی میرٹ کی بنیاد نمبروں پر کی جاتی تھی، جب سے بلدیاتی نمائندوں کی مداخلت ہوئی ہے کئی کئی ہفتہ تک مبینہ طور پر صفائی نہیں ہوتی، اگر کسی بلدیاتی نمائندے سے سفارش کروائی جائے تو صفائی ممکن ہوتی ہے جو شہریوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پورے کھلابٹ میں تجاوزات عروج پر ہے، دکانداروں نے پختہ چھتیں ڈال کر لوہے کے بڑے بڑے جنگلے لگا کر مکمل قبضہ کر رکھا ہے جس سے اکثر مقامات پر برساتی نالوں کی صفائی بھی ممکن نہیں ہوتی جبکہ کروڑوں روپے کی لاگت سے بنائے گئے فٹ پاتھ بھی مکمل طور پر قبضہ کی نذر ہو چکے ہیں۔ شہریوں کی کثیر تعداد نے ضلع ہری پور میں نو تعینات ڈپٹی کمشنر ہری پور سے فوری نوٹس لینے کے ساتھ ساتھ سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ کھلابٹ کے شہریوں کی مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔