پرائمری سکولز ٹورنامنٹ سرکل ایبٹ آباد مقابلوں میں پرائمری سکول نمبر4 کے طلباء نے بیسٹ پرفارمنس ایوارڈ اپنے نام کرلیا

پیر 20 نومبر 2017 13:01

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2017ء) پرائمری سکولز ٹورنامنٹ2017ء سرکل ایبٹ آباد مقابلوں میں گورنمنٹ پرائمری سکول نمبر4 ایبٹ آباد کے طلباء نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد آئٹم میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کر کے بیسٹ پرفارمنس کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔ پرائمری سکولز ٹورنامنٹ 2017ء سرکل ایبٹ آباد 5 زون میں مقابلے ہوئے جو تقریباً 55 سکولوں کے مابین تھے۔

ٹورنامنٹ میں کل 17 آئٹم تھے جن میں سرکل ایبٹ آباد سے گورنمنٹ ماڈل پرائمری سکول نمبر4 ایبٹ آباد نی5 آئٹم تلاوت، اردو، تقریر، انگریزی تقریر، تعلیمی کوئز اور پی ٹی شو میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ نعت میں اور ملی نغمہ میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے سرکل بھر کے سکولوں میں نمایاں کاکردگی کے ساتھ بیسٹ پرفارمنس ایوارڈ حاصل کیا۔

(جاری ہے)

دوسرے نمبر پر گورنمنٹ ماڈل پرائمری سکول نمبر2 میر پور اور تیسرے نمبر پر گورنمنٹ پرائمری سکول اسپیدار رہا۔

تقسیم انعامات کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر ایبٹ آباد بابر بشیر خان تھے۔ ان کے ہمراہ اے ایس ڈی ای او عبدالوحید سرکل ایبٹ آباد اور اے ایس ڈی ای او محمد آصف خان سرکل قلندر آباد بھی تھے، سرکل ایبٹ آباد کے ٹورنامنٹ سیکرٹری عبد الرزاق مغل کے علاوہ ممبران حنیف گل خان جدون، سردار محمد ریاض، غلام مصطفی اور انور شکیل کے علاوہ بہت سے اساتذہ کرام نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اساتذہ کرام کی محنت اور کاوش کو خوب سراہا اور کہا کہ پرائمری تعلیم بچے کے مستقبل کا گہرا اثر مرتب کرتی ہے اور بچوں کا اس سٹیج پر انعام و ایوارڈ حاصل کرنا خوش آئند ہے، تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد انتہائی ناگزیر ہے جو بچوں میں چھپی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے ضروری ہیں اور بچوں کو ایک پراعتماد شہری بنانے میں ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

اس موقع پر مقررین نے عبدالرزاق مغل (پرنسپل ماڈل پرائمری سکول نمبر4) کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس ایونٹ کو تحمل اور بردباری سے تکمیل تک پہنچایا اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی اپنی فہم و فراست سے ماڈل پرائمری سکول نمبر4 کو چار چاند لگانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

تقریب کے اختتام پر اے ڈی ای او سپورٹس وسیم فضل، اے ایس ڈی ای او سرکل قلندر آباد محمد آصف خان ایس ڈی ای او ایبٹ آباد بابر بشیر خان، اے ایس ڈی ای او سرکل ایبٹ آباد عبد الوحید اور سی ٹی ٹیچر گورنمنٹ پرائمری سکول بانڈہ قاضی محمد راشد نے بچوں میں انعامات تقسیم کئے اور گورنمنٹ پرائمری سکول نمبر4 کے بچوں کے پی ٹی شو کا معائنہ کرنے کے بعد ان کی صلاحیتوں کو خوب سراہا۔

متعلقہ عنوان :