سعودی عرب کے مختلف شہروں میں شدید بارشیں اور دھند

جدہ میں منگل کے روز تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان، بارشیں اگلے ایک ہفتے تک جاری رہیں گی، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

پیر 20 نومبر 2017 12:00

سعودی عرب کے مختلف شہروں میں شدید بارشیں اور دھند
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2017ء) سعودی عرب کے صوبہ تبوک میں املج اور الوجہ کے علاقوں کے بیچ شدید بارشوں کاسلسلہ شروع ہوگیا ہے ، علاوہ ازیں مملکت کے اکثر علاقوں میں رات کے وقت دھند کا سلسلہ جاری ہے،سعودی عرب میں موسم اور ماحولیات کے محقق عبدالعزیز الحصینی نے توقع ظاہر کی ہے کہ مملکت کے صوبے تبوک میں املج اور الوجہ کے علاقوں کے بیچ شدید بارشوں اور ریت کے طوفانوں کا قوی امکان ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق اپنے ٹوئیٹر پیغام میں الحصینی نے کہاکہ مذکورہ دونوں علاقوں کے درمیان کی شاہراہ کو استعمال کرتے ہوئے احتیاط برتی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب ، کویت ، بحرین ، امارات ، قطر اور سلطنت عمان کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارشوں کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

الحصینی نے یہ بھی توقع ظاہر کی ہے کہ بارشوں کا سلسلہ بعض مقامات پر سیلابی کیفیت کے ساتھ آئندہ ہفتے تک جاری رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں سعودی عرب کے شمالی ، وسطی اور شمال مشرقی علاقوں میں موسم بڑی حد تک سرد ہو جائے گا۔دوسری جانب سعودی محکمہ موسمیات نے اپنی رپورٹ میں جازان ، عسیر ، باحہ اور مکہ مکرمہ کے علاقوں میں تیز بارش اور آندھی کی توقع ظاہر کی ہے جو کہ مدینہ منورہ کے بالائی علاقوں تک پھیل سکتی ہے۔ علاوہ ازیں مملکت کے اکثر علاقوں میں رات کے وقت دھند کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بحر احمر کی شمال مغربی سمت سے آنے والی ہوا کی رفتار 15 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان رہے گی جب کہ جنوب مغربی سمت سے چلنے والی ہوا کی رفتار 15 سے 35 کلومیٹر تک ہو گی۔ سمندری موجیں ایک سے دو میٹر تک بلند رہیں گی۔ سعودی شہر جدہ میں بھی اس وقت شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد منگل کے روز شہر بھر کے تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :