بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کی درخواست پر شہر کے قلب صدر کے علاقے میں واقع جہانگیر پارک کا افتتاح کردیا

اتوار 19 نومبر 2017 22:50

ْکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 نومبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی درخواست پر اتوار کو شہر کے قلب صدر کے علاقے میں واقع جہانگیر پارک کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نیو سندھ سیکریٹریٹ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ وہ جہانگیر پارک کی بحالی چاہتے ہیں نہیں تو یہ پتھاروں کی پارکنگ کا مقام اور لکڑی کے پھلوں کے کھوکھوں کا ڈمپنگ گرائونڈ بن جائے گا اور لوگ یہاں پر اپنا کچرا وغیرہ پھکیں گے۔

انہوں نے اجلاس کے اختتام پر اپنے اس وقت کے پرنسپل سیکریٹری نوید کامران بلوچ، چیرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم اور پروجیکٹ ڈائریکٹر کراچی پیکج نیاز سومرو کے ہمراہ بغیر کسی پروٹوکول کے پارک کا دورہ کیا تھا اور اس شاندار ماضی والے پارک کی رونقوں کی بحالی کا اعادہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس وقت وہاں موجود ڈپٹی کمشنر سائوتھ کراچی کو پارک سے تجاوزات ہٹانے کی ہدایت کی تھی تاکہ اس کی بحالی کے کام کا آغاز ہو سکے۔

سید مراد علی شاہ نے چیئرمین پی اینڈ ڈی اور کراچی پیکج کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو پارک کے لئے پی سی ون کی تیاری کی ہدایت دی تھی تاکہ ان کی ان سے منظوری کی جاسکے۔ اس طرح وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 200 ملین روپے کی اس اسکیم کی منظوری دی تھی۔ اس منصوبے پر کام کا آغاز ہوا اور وزیراعلیٰ سندھ وقتًا فوقتًا وہاں کے دورے کئیا ور اس طرح یہ چھ ماہ کے اندر مکمل ہوا۔

یہ پارک پانچ ایکڑ کے رقبے پر پھلا ہوا ہے جس میں ایک ایم پی تھیٹر، پرندوں کا گھر، ڈائناسارس پارک اور ایک خوبصورت لائبریری ہے۔ اور یہاں پر آر او پلانٹس بھی ہیں اور ہر ایک آر او پلانٹ 50 ایم جی ڈی کا ہے۔ ایک آر او پلانٹ پارک میں آنے والوں کے پینے کے پانی کے استعمال کے لئے ہوگا اور اردگرد کے رہنے والے لوگ بھی یہاں سے اپنے گھروں کو پانی لیجانے کی سہولت میسر ہوگی۔

دوسرا آاو پلانٹ لان، درختوں، پودوں اور پھولوں کو پانی دینے کے لئے ہے۔ پارک کا اپنا سکیورٹی سسٹم ہے، جس کے تحت سی سی ٹی وی کیمرے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ساتھ نصب کیے گئے ہیں۔ یہ سی سی ٹی وی کیمرے پارک کے اطراف کا بھی احاطہ کریں گے۔ آج پارک کا افتتاح ہے اور یہ آج شام سے عام پبلک کے لئے کھل جائے گا۔ سب کے لئے پارک میں داخلہ دو ہفتوں کے لئے مفت ہوگا اور بعد میں انتظامیہ یہاں آنے والوں سے معمولی چارجز فکس کرنے کا فیصلہ کرے گی۔

سندھ حکومت پروجیکٹ کے پی ڈی کے ذریعے آئیندہ دو برس کے لئے پارک کی دیکھ بھال کرے گی۔ واضح رہے کہ یہ اراضی 1880ئ کے ابتداء میں خان بہادر بہرام جی جہانگیر راج کوٹوالا نے عطیہ کہ تھی جہاں پر جہانگیر پارک قائم ہے۔ اس زمین پر پارک قائم کیا گیا جس کا نام بہرام جی پارک تھا جس کا 1883میں نوروز کے موقع پر افتتاح ہوا تھا، بعدازاں اس کا نام جہانگیر پارک پڑ گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ جہانگیر پارک کے افتتاح سے مرحوم بہرام جی جہانگیر کی روح کو بھی اطمنان اور سکون حاصل ہو گا، اب یہ ہم سب پر ہے کہ پارک کی دیکھ بھال کریں اور اس کی خوبصورتی اور رونقوں کو بحال رکھیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صدر کراچی کا دل ہے اور جہانگیر پارک صدر کا دل ہے۔ ہم نے جہانگیر پارک کی رونقوں کو بحال کر دیا ہے اور پرانے علاقے کی بحالی کے آغاز سے تمام صدر کے علاقے کو نئیں جہت ملے گی۔