چاند نظر آگیا، (آج ) یکم ربیع الاوّل اور عید میلادالنبی ؐ جمعة المبارک یکم دسمبر کو ہوگی ، مفتی منیب الرحمن

اتوار 19 نومبر 2017 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 نومبر2017ء) مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ ربیع الاوّل کا چاند نظرآگیاہے ،یکم ربیع الاوّل 1439؁ھ (آج )پیرکو ہوگی اور عید میلادالنبی ﷺ جمعة المبارک یکم دسمبر2017؁ء کو ہوگی ۔ دریں اثنا مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مفتی منیب الرحمن کے زیرِ صدارت دفتر محکمہٴ موسمیات ،میٹ کمپلیکس ،موسمیات چورنگی یونیورسٹی روڈ ،کراچی میں منعقد ہوا۔

اجلا س میں مرکزی کمیٹی سے مولانا عبداللہ غازی ،زونل رویتِ ہلال کمیٹی سے مولانا اسددیوبندی ، حافظ محمد سلفی ، مولانا نذیر احمد نعیمی ،مولانا صابر نورانی،مولانا فیروزالدین رحمانی اور علامہ سید علی کرار نقوی نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

فنی معاونت کے لئے محکمہٴ موسمیات کے چیف میٹر لوجسٹ عبدالرشید اور سپارکو سے غلام مرتضیٰ نے شرکت کی ۔ پاکستان بھر میںصوبائی وضلعی اور زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکواٹرز پر منعقد ہوئے۔

بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود تھا ،بعض مقامات پر صاف تھا ،ملک کے مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں ، لہٰذا اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیاکہ یکم ربیع الاوّل 1439؁ھ پیر 20نومبر کو ہوگی اور عید میلادالنبی ﷺ جمعة المبارک یکم دسمبر2017؁ء کو ہوگی ۔مفتی منیب الرحمن نے تمام مسلمانانِ عالم کو ماہِ ربیع الاول اور عید میلادالنبی ﷺ کی مبارکباد پیش کی اور اُمت ِ مسلمہ اوروطنِ عزیز کی سلامتی اور امن وامان کی بحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔

متعلقہ عنوان :