وزیر اعلی بلوچستان کی جانب سے مختلف محکموں میں خالی آسامیوں پر بھرتی کے عمل میں تاخیر پربر ہمی کا اظہار

بھرتیوں کے عمل کو فوری طور پر مکمل کرنے اور میرٹ کو یقینی بنانے کی ہدایت،بے روزگاری کا خاتمہ صوبائی حکومت کی ترجیحات کاحصہ ہے، نواب ثنا اللہ زہری

اتوار 19 نومبر 2017 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 نومبر2017ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے صوبائی حکومت کی جانب سے مختلف محکموں میں اعلان کردہ مختلف آسامیوں پر بھرتی کے عمل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کر تے ہوئے متعلقہ محکموں سے اس حوالے سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بھرتیوں کے عمل کو فوری طور پر مکمل کرنے اور میرٹ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے محکمہ مواصلات ، محکمہ سماجی بہبود اور محکمہ حج و اوقاف کے سیکرٹریوں کو طلب کیا اور ان سے ان کے محکموں میں بھرتیوں کے عمل کی پیش رفت کے بارے میں دریافت کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بے روزگاری کا خاتمہ صوبائی حکومت کی ترجیحات کاحصہ ہے۔ جس کے لئے مختلف محکموں میں بہت بڑی تعداد میں آسامیاں پیدا کی گئیں اور محکموں کو میرٹ کے تحت ان اسامیوں پربھرتی کی ہدایت کی گئی تاہم بعض محکموں میں طویل عرصے سے بھرتیوں کا عمل تاخیر اور تعطیل کا شکار ہے جس کی وجہ سے بے روزگار نوجوانوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی حکومت پالیسیاں وضع کرتی اور وژن دیتی ہے جس پر عملدرآمد بیورو کریسی کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ جبکہ حکومتی اعلانات اور پالیسیوں پر عملدرآمد نہ ہونے سے بد نامی حکومت کے حصے میں آتی ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا ۔ وزیر اعلیٰ نے ان تمام محکموں جن میں خالی آسامیاں ہونے کے باوجود بھرتی نہیں کی جا رہی ہے کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ 31دسمبر 2017 سے قبل بھرتیوں کا عمل مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔

متعلقہ عنوان :