لیاری میں ایک روزہ دعوتی واصلاحی فیملی اجتماع عام /جھلکیاں اور تفصیلات

اتوار 19 نومبر 2017 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2017ء) جماعت اسلامی کراچی ضلع جنوبی کے زیر اہتمام رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں ایک روزہ دعوتی واصلاحی اجتماع بروز اتوارککری گراؤنڈلیاری میں منعقد کیاگیا ،اجتماع کا آغاز صبح 10بجے تلاوت کلام پاک سے ہوا ، اجتماع میں دو سیشن ہوئے ،پہلا سیشن 2بجے تک جاری رہا جس کے بعد نماز ظہر و طعام کا وقفہ کیا گیا ، ہزاروں مردوں وخواتین شرکاء کے لیے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا ، ککری گراؤنڈ میں اجتماع عام کے لیے ایک وسیع عریض پنڈال تیار کیا گیاتھا ،اجتماع میں شریک خواتین کے لیے علیحدہ پنڈال تیار گیا اور دوپہر 12بجے قومی سطح کی خواتین کانفرنس منعقد کی گئی جو 2:30بجے تک جاری رہی، قومی کانفرنس کی صدارت جماعت اسلامی پاکستان خواتین کی جنرل سیکریٹری دردانہ صدیقی نے کی ، کانفرنس میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین سمیت دیگر خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،خواتین کے پنڈال کے ساتھ ہی بچوں کے لیے پلے ایریا بنایا گیا تھا ، اجتماع میں فوڈ کورٹ ، مختلف اسٹالز لگائے گئے تھے جن میں دینی کتب و لٹریچر اور مختلف مصنوعات کے اسٹالز شامل تھے اجتماع کے مرکزی دروازے پر مرکزی استقبالیہ کیمپ لگایا گیا تھا شرکاء کا اندراج کیا گیا اور مختلف اعلانا ت کیے جاتے رہے ،اجتماع میں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا کے انکلوژربھی بنائے گئے تھے جبکہ کیمرا مینوں اور فوٹو گرافر کے لیے تصاویر اور کویریج کے لیے الگ انتظام کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کی تاریخ پر مشتمل نمائش بھی منعقد کی گئی ،اجتماع گاہ میں 6فٹ اونچا ،20فٹ لمبا اور 50فٹ چوڑا اسٹیج تیار کیا گیا تھا جبکہ 40ہزار اسکوائر فٹ علاقہ پارکنگ کے لیے مختص کیا گیا ۔اجتماع عام کا دوسرا سیشن سہہ پہر 4بجے سے نماز مغرب تک جاری رہا جس سے امیر جماعت اسلا می پاکستان سینیٹر سراج الحق ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم ا لرحمن اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ پہلے سیشن میں نائب امیر جماعت ا سلامی پاکستان راشد نسیم ، امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدی ٰ صدیقی اور امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی عبد الرشید نے بھی خطاب کیا۔

اجتماع میں وقفہ وقفہ سے نعتیں ، نظمیں اور ترانے بھی پیش کیے جاتے رہے ۔اجتماع میں جماعت اسلامی کی جانب سے تعلیمی ، کھیل ، صحت اور عوامی و فلاحی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد ، ڈاکٹرز ، انجینئرز ، پروفیسرز ، کرکٹرز ، فٹبالرز ،کراٹے اور دیگر کھیلوں سے وابستہ نوجوانوں اور مختلف کمیونٹیز کی تنظیموں کے ذمہ داران کو ان کی خدمات اور کارکردگی پر ایوارڈز بھی دیے گئے ۔

سابق میئر کراچی عبد الستار افغانی ، سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ ، سیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر بن یامین خالد، یونس گل شہید م نادر شاہ عادل ، ڈی ایس پی ممتاز احمد ملک ، انسپکٹر اشفاق خان ، ایس پی توقیر ، خاتون ایس پی شہلا قریشی ، سینئر صحافی سعید بلوچ ، صدیق بلوچ ، فوٹو گرافر اکبر بلوچ ، پاکستان کے تیز ترین رنر معید بلوچ اور دیگر کو شاندار خدمات اور ایمانداری و فرض شناسی کے ساتھ اپنے فرائض پورے کرنے پر ایوارڈز دیے گئے ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ایوارڈز تقسیم کیے ۔

متعلقہ عنوان :